پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف توڑ پھوڑ ، احتجاج پر درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت

بدھ 17 اپریل 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے توڑ پھوڑ ، احتجاج کےمقدمات میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور ، علی نواز اعوان ، عامر مغل اور دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کر دی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف توڑ پھوڑ ، احتجاج پر درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

دوران سماعت سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ، شبلی فراز ، عامر مغل اور علی نواز اعوان عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ وکیل بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ چالان جمع ہو چکا ہے ، 28 تاریخ مقرر ہے ، عدالت 28 اپریل کو درخواست ضمانت پر سماعت رکھ لے ۔

(جاری ہے)

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی حد تک تو چالان ہی نہیں آیا ، آپ کی ضمانت کنفرم ہی نہیں ہوئی ، آپ ضمانت قبل از گرفتاری کو چالان کے ساتھ نہ جوڑیں ، ضمانت پر بحث کریں ۔

میں چاہ رہا تھا کہ آج ضمانتوں کا معاملہ حل ہو جاتا ۔ عامر مغل کے خلاف مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ عامر مغل ابھی تک مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے ۔ عامر مغل نے موقف اپنایا کہ میں شامل تفتیش ہو چکا ہوں میرے وکیل مدثر عباسی نے جا کر روبکار جمع کروائی تھی ۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی ضمانت خارج ہو جائے تو گرفتاری آپ کی ہو گی یا مدثر عباسی کی ؟ الزام کس کے خلاف ہے ؟ سزا کس کو ہو گی ؟ آپ کو یا وکیل کو ؟ جا کر شامل تفتیش ہوں ، یہ رعایت اگلی مرتبہ نہیں ملے گی ۔

عامر مغل نے عدالت سے ذاتی طور پر شامل تفتیش نہ ہونے پر معذرت کر لی ۔ عامر مغل کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اگر عدالت کہے تو عامر مغل ابھی عدالت کے سامنے شامل تفتیش ہو جائیں گے جس پر جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ وکلاءصاحبان نے بڑا غلط ٹرینڈ بنایا ہوا ہے ، یہ کوئی پولیس اسٹیشن نہیں عدالت ہے ۔ عدالت نے عامر مسعود مغل کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔

دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ان مقدمات میں اب مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کی چالان جمع ہونے سے پہلے بریت ہو گئی ، ایک ملزم کے لئے تفتیشی کہہ رہا ہے کہ شواہد موجود نہیں ، باقی کا کیا ہو گا ؟ عدالت نے عمر ایوب ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور ، شبلی فراز ، عامر مغل اور علی نواز اعوان اور دیگر تمام ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں27 اپریل تک توسیع کر دی ۔ ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مبینہ آڈیو لیکس ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تھانہ گولڑہ اور بنی گالہ میں درج مقدمات میں علی امین گنڈاپور اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹس میں پیش ہوئے اور عدالتوں میں حاضری لگوائی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں