وزیراعلی سندھ اور یورپی یونین کی سفیرکے درمیان ملاقات،سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے دو نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 30 اپریل 2024 17:22

وزیراعلی سندھ اور یورپی یونین کی سفیرکے درمیان ملاقات،سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے دو نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کے درمیان ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے دو نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک منصوبہ سیلاب سے تباہ شدہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو جبکہ دوسرے منصوبے کا مقصد گرڈ سے باہر رہنے والے لوگوں کو سولر پینل فراہم کرنا ہے۔

سولر پینلز کی فراہمی دو مرحلوں میں کی جائے گی، پہلے مرحلے میں ان لوگوں کو شامل کیا جائے گا جو گرڈ سے باہر آباد ہیں اور دوسرے مرحلے میں ضرورت مندوں کو فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں یورپی یونین کے کرسچن رائٹز، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور وزیراعلی سندھ کے سیکریٹری رحیم شیخ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ 2022 میں آنے والے شدید بارشوں کے باعث سیلاب نے 40482 اسکولوں میں سے 18808 منہدم جبکہ 12305 اسکولوں کو جزوی نقصان پہنچا، جس سے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے اسکول کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے ڈونر ایجنسیوں سے تعاون حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ سفیر نے وزیراعلی سندھ کو یقین دلایا کہ اسکولوں کی تعمیر نو کے حوالے سے یورپی حکام سے بات کریں گی۔ اجلاس میں گرڈ سے دور رہنے والوں لوگوں کو سولر پینلز کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے انتخابی منشور میں ضرورت مندوں کو سولر پینل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیراعلی سندھ کو اس منصوبے کے لیے اپنی پھرپور سپورٹ کا یقین دلایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں