آزادجموں و کشمیر کے ادارے ٹیوٹا اور وفاقی ادارے نیوٹیک کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) آزادجموں و کشمیر کے ادارے ٹیوٹا (TEVTA) اور وفاقی ادارے نیوٹیک(NAVTTC) کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔ جمعرات کو یہاں جموں کشمیر ہاؤس میں ایگزیگٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان اور چیئرمین ٹیوٹا چوہدری فرید احمد نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ۔تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق ،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور ،وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ ، چیئرمین نیوٹیک محترمہ گلمینہ بلال ،ڈی جی معین حسن کھوکھر ،ڈی جی حفیظ عباسی نے شرکت کی۔

مفاہمتی یاداشت کے مطابق حکومت پاکستان کے تعاون سے ٹیوٹا کے ساتھ پندرہ سو افراد کو جدید ترین ٹریڈز میں فنی تربیت فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے گا ، تربیت مکمل ہونے پر یہ افراد نہ صرف باعزت روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوں گے بلکہ بیرون ملک سے قیمتی زرمبادلہ بھی لائیں گے، تربیت پر اٹھنے والے اخراجات بشمول تربیتی فیس، رھائش اور میس ،حکومت برداشت کرے گی۔

(جاری ہے)

منتخب امیدوارروں کو ملک کے بہترین ادارہ جات میں تربیت دی جائے گی،خواتین کے لئے تیس فیصد کوٹہ مختص ہوگا،کم آمدنی والے خاندانوں کے افراد، دیہات میں رہائش پذیر افراد اور مدارس کے طلبہ بھی شامل ہونگے ۔تربیتی عمل پانچ مراحل میں مکمل ہو گا ایک مرحلے میں تین سو نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی ۔ اس موقع پر وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر مفاہمتی یاداشت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ باصلاحیت، پر عزم اور محنت کرنےکا جذبہ رکھنے والے جوان سامنے آئیں اور اس موقع سے بھرپور فائدی اٹھائیں ، نیوٹیک کے اعلی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کا نادر موقع ملے گا ، اس منصوبے سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کا موقع ملے گااوربےروزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں