محنت کش طبقے کا کردار ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام

منگل 30 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مزدور نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے تمام متعلقہ طبقات کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے محنت کش طبقے کو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لیبر فورس ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مضبوط اور خوشحال مزدور طبقہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال قوم کی شکل اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دہانی ہے بلکہ معاشی ترقی میں ان کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور لوگوں کے حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، محنت کش طبقے کا کردار ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں