پاکستان قیامت خیز ہیٹ ویوو کی زد میں

پاکستان کے علاقے جیکب آباد میں دنیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 مئی 2021 19:57

پاکستان قیامت خیز ہیٹ ویوو کی زد میں
جیکب آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2021ء) پاکستان قیامت خیز ہیٹ ویوو کی زد میں، پاکستان کے علاقے جیکب آباد میں دنیا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے جون کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ خاص کر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت ناقابل برداشت ہوگئی ہے۔

مئی کے ماہ کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم قدرے بہتر رہا، تاہم رواں ماہ کے آخری ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں اچانک بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ماہرین موسمیات کے مطابق پاکستان اس وقت قیامت خیز ہیٹ ویوو کی زد میں ہے، 27 مئی کو جیکب آباد میں دنیا کا سب سے گرم ترین علاقہ رہا۔

جیکب آباد کے علاوہ دنیا کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ کے علاقوں کے علاوہ پنجاب میں لاہور، سمیت دیگر شہروں میں بھی 3 دن کے دوران گرمی کی شدت ناقابل برداشت ہوگئی۔ ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کی رائے میں پاکستان اس وقت غیر معمولی ہیٹ ویوو کا سامنا کر رہا ہے جو جون کے وسط تک جاری رہ سکتی ہے۔ موسم کی اس صورتحال میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ اگلے کئی روز بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ گرمی کی اس شدید لہر کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خاص کر دن کے وقت گھروں اور عمارتوں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر نکلنے کی صورت میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں