کامیڈین ببو برال کی 13ویں برسی کل منائی جائے گی

پیر 15 اپریل 2024 23:02

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) معروف کامیڈین ببو برال کی 13ویں برسی کل منائی جائے گی۔ پاکستان کے اسٹیج، ٹی وی اور فلم کے مقبول مزاحیہ اداکار ببو برال اصل نام ایوب اختر تھا۔ببو برال نے سنہ 1982ء میں گوجرانوالہ سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا اور کچھ عرصہ کے بعد لاہور منتقل ہوگئے ۔ببو برال ابتداء میں ون مین شو کیا کرتے تھے تاہم انہیں اسٹیج ڈرامے ’’شرطیہ مٹھے‘‘سے ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔

تین عشروں پر محیط فنی زندگی میں ببو برال نے اداکاری کے علاوہ سٹیج ڈرامے لکھے اور ہدایات کاری بھی کی۔ببوبرال مزاحیہ فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ موسیقی و گائیکی سے بھی گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ وہ پاکستانی سنگرز مہدی حسن، نورجہاں، نصرت فتح علی، طفیل نیازی، عالم لوہار، عنایت حسین بھٹی سمیت درجن گلوکاروں کی نقل کرتے ہوئے ان کے انداز میں آسانی سے گا بھی لیا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ببو برال کی زندگی کی آخری فلم ’’چناں سچی مچی‘‘تھی جبکہ ہندوستان جا کر بھی انہوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ایوب اختر المعروف ببو برال کو زندگی کے آخری ایام میں جگر کے کینسر، گردوں اور شوگر کے امراض کا سامنا تھا۔جس کے باعث وہ 52برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد 16اپریل 2011ء کو لاہور کے مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں