کراچی کے فالودہ فروش کے بعد جھنگ کا طالبعلم بھی کروڑ پتی بن گیا

جھنگ کے رہائشی نوجوان کے اکاؤنٹ سے 17 کروڑ روپے نکل آئے، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 اکتوبر 2018 14:22

کراچی کے فالودہ فروش کے بعد جھنگ کا طالبعلم بھی کروڑ پتی بن گیا
جھنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2018ء) : کراچی کے فالودہ فروش کے بعد جھنگ کے ایک طالبعلم کے اکاؤنٹ میں بھی کروڑوں روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جھنگ کے رہائشی نوجوان کے بنک اکاؤنٹ میں 17 کروڑ روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد نیب نے نوجوان کوتحقیقات کے لیے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے رہائشی نوجوان اسد علی کے اکاؤنٹ میں 17 کروڑ روپوں کا انکشاف ہوا ؤجب کہ اسد علی نے اس سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے طالب علم کو اکاؤنٹ اور ٹیکس گوشواروں سمیت پراپرٹی کی تفصیل کے ساتھ پیش ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔طالب علم کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے طلب کرنے پررقم کی موجودگی کاعلم ہوا ۔اسد علی کے اہل خانہ ایف آئی اے کا نوٹی فکیشن ملنے کے بعد پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

(جاری ہے)

نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسد انجینئرنگ مکمل کرنے کے بعد نوکری کی تلاش میں ہے۔

وہ بے روزگار ہے تو اکاؤنٹ میں اتنے پیسے کہاں سےآئے ، ہمیں اس حوالے سے کچھ علم نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقہ اورنگی ٹاؤن کے غریب رہائشی فالودہ فروش عبدالقادر کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا جس پر ایف آئی اے نے عبد القادر کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا۔عبد القادر نے کہا کہ مجھے ایف آئی اے کے لیٹر پر علم ہوا کہ میرے بنک اکاؤنٹ میں اربوں روپے موجود ہیں۔

عبد القادر کا کہنا تھا کہ میں غریب آدمی ہوں ، شربت فروش ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ یہ پیسے کہاں سے آئے ہیں؟ میں چالیس گز کے گھر میں رہتا ہوں، میرے گھر کے باہر پولیس بھی کھڑی کر دی گئی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے کہا کہ میں نے انگریزی میں دستخط بھی کیے ہیں ، میں تو انگوٹھا چھاپ ہوں، مشکل سے اُردو میں دستخط کر سکتا ہوں۔ تحقیقات میں انکشاف ہو اکہ زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث شبیر بمباٹ نامی شخص بیؤنک اکاؤنٹ سے چھیڑ چھاڑ کرتا رہا اور 11 ماہ کے دوران 11کروڑ 80 لاکھ جمع کروائے ۔ اس اکاؤنٹ سے دبئی میں اہم شخصیت کو کروڑوں روپے منتقل کرنے کا بھی شُبہ ظاہر کیا گیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں