صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے پلانٹ فار پاکستان کے حوالہ سے واپڈا ٹائون میں پودا لگاکر شجرکاری مہم میں حصہ لیا

منگل 11 اگست 2020 21:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء) :صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم بھروانہ نے منگل کے روز پلانٹ فار پاکستان کے حوالہ سے واپڈا ٹائون میں پودا لگاکر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔صوبائی وزیر کوآپریٹو نے کہا کہ محکمہ کوآپریٹو پنجاب بھر کی ہائوسنگ سوسائٹیز میں درخت لگا رہا ہے جبکہ آئندہ دو ہفتے کے دوران محکمہ 100000 نئے پودے لگائے گا۔

انہوںنے کہا کہ درخت انسان کے دوست اور خدا داد تحفہ ہیںجن کی حفاظت ہمارافرض ہے لہٰذاہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز کے رہائشیوں سے اپیل ہے کہ گھروں اور گردونواح میں اپنے اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کوآپریٹو نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان گرین پاکستان مہم کے تحت ملک کو سرسبز و شاداب ، خوشحال اور آلودگی سے پاک بنانا چاہتے ہیں اورپاکستان کو آلودگی سے پاک کرنے اور ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اسلئے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائیگانیز ہمیں آنے والی نسلوں کیلئے سرسبز انقلاب برپا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت بھی ہماری ذمہ داری ہے تاکہ پاکستان کے شہری صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں۔انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر شہری حکومت پاکستان کے ویژن کے تحت شجر کاری مہم کو بھر پور انداز میں کامیاب بنانے کیلئے اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں