اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کررہے ہیں،ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے باعث کمیشن اور کک بیکس کا خاتمہ کر دیا،ہم نے سیاست کو خدمت میں بدل دیا،نواز شریف مشکل میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑتا، مصیبت کی گھڑی میں کسانوں کے ساتھ ہوں، زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کی،کسان ریلیف پیکج کسی ایک صوبے کیلئے نہیں پورے ملک کیلئے ہے، اقتدار سنبھالنے کے بعدفرائض کی ادائیگی کبھی نہیں بھولے،2018تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے،کسان سولر ٹیوب ویل لگائیں،حکومت بلاسود قرضے جاری کرے گی، تاریخی کسان پیکج کے راستے میں روڑے اٹکائے جانے پر عدالت جانا پڑا

وزیراعظم نواز شریف کا جھنگ میں کسان پیکج کے تحت چاول اور کپاس کے کاشتکارں میں معاوضوں کی ادائیگی کی تقریب سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 17:28

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے تاریخی کسان ریلیف پیکج کی تیاری میں ساتھ دینے پر وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 341 ارب کا تاریخی کسان پیکج کے راستے میں روڑے اٹکائے گئے تو ہمیں عدالت جانا پڑا، ہم اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کررہے ہیں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے باعث کمیشن اور کک بیکس کا خاتمہ کر دیا،ہم نے سیاست کو خدمت میں بدل دیا،نواز شریف مشکل میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑتا، مصیبت کی اس گھڑی میں کسانوں کے ساتھ ہوں، زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کی،کسان ریلیف پیکج کسی ایک صوبے کیلئے نہیں پورے ملک کیلئے ہے، اقتدار سنبھالنے کے بعدفرائض کی ادائیگی کبھی نہیں بھولے،2018تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے،کسان سولر ٹیوب ویل لگائیں،حکومت انہیں بلاسود قرضے جاری کرے گی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو جھنگ میں کسان پیکج کے تحت چاول اور کپاس کے کاشتکارں میں معاوضوں کی ادائیگی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہکسانوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے 341 ارب کا تاریخی پیکج دیا ہے، کسانوں کیلئے 341 ارب کا پیکج ملکی تاریخ میں کسی حکومت نے نہیں دیا، دنیا میں فصلوں کی قیمتیں گرنے سے پاکستان میں بھی زرعی اجناس کی قیمتیں کم ہوئیں، جس کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،نواز شریف مشکل میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑتا، مصیبت کی اس گھڑی میں کسانوں کے ساتھ ہوں۔

وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ مشکل وقت میں آپ کو چھوڑا نہیں بلکہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں،مشکل میں کسی کا ساتھ نہیں چھوڑتا،حکومت پاکستان 341ارب روپے کا کسان پیکج دے رہی ہے جو آج تک کسی حکومت نے نہیں دیا،کپاس ،چاول اور دیگر اجناس کی قیمتیں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کم ہوئیں تو کسانوں کو ہونے والے نقصانات پر دکھ ہوا، اس لئے کسان پیکج لانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمدردی نعروں اور محض زبانی نہیں بلکہ کچھ کرنے سے ہوتی ہے،جن علاقوں میں زلزلہ آیا وہاں امداد کرنے اور حوصلہ دینے میں دیر نہیں کی بلکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ،گورنر کے پی کے او ردیگر حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد فوری طور پرامدادی کاموں اور امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی اور ان پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں زلزلہ آیا مشکلات آئیں وہاں وہاں گیا اور جانی و مالی مشکلات کاشکار ہونے والوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا فرض سمجھتے ہوئے سب کی مدد کی کوشش کی ،فرائض کی ادائیگی میں کسی کو نہیں بھولے اس لیئے وہاں سے یہاں چلا آیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم نے سیاست کا انداز بدل دیا ہے ،ہماری سیاست اب خدمت میں بدل چکی ہے، ہم اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کررہے ہیں،ہم نے تمام صوبوں میں کامیاب ہونے والی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کیا اور انہیں حکومت بنانے کی پیشکش کی۔

نواز شریف نے کہاکہ ہم نے اپنی خدمات کا سلسلہ پنجاب تک محدود نہیں رکھا بلکہ سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں اپنی خدمات جاری رکھی ہوئی ہے،ہم نے کسی مخصوص صوبے یا کسی جماعت کی پروا نہیں کی بلکہ ہم نے عوام کا مفاد دیکھنا ہے،ذاتی حکومت نہیں پاکستان کے بارے میں سوچنا ہے۔انہوں نے کہا میری دعا ہے کہ اﷲ پاک سب کو خوشحال کرے اور سب بچے سکول جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگ آپ سے ہمدردی کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ کسانوں کے حقوق کے دعویداروں نے اس پیکج کو رکوانے کی کوشش کی حتیٰ کہ اسے عدالتوں میں لے جا کر پابندی کا شکار کرنے کی کوشش کی لیکن ہم ہائی کورٹ گئے اور اب پورے زورشور سے اس پیکج پر عملدرآمد ہو رہا ہے،سینکڑوں یا ہزاروں نہیں 12لاکھ 77ہزار کسانوں میں امددی رقوم تقسیم کررہے ہیں،گنے کی قیمت 180روپے فی من کی ادائیگی یقینی بنائے جانے کا فیصلہ کیا ہے،تمام صوبائی حکومتیں اس ہدایت کو یقینی بنانے کیلئے شکایتی مراکز بھی قائم کریں تاکہ قیمتوں کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے پچھلے 15سال سے ملک میں اذیت کا سامان کیا ہوا تھا لیکن اب لوڈ شیڈنگ کم ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو ہم نے اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی کی، ہم بجلی کے اربوں روپے کے منصوبے بنا رہے ہیں جہاں نہ صر ف بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کو یقینی بنایاجا رہا ہے بلکہ قیمتوں میں کمی کی بھی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمانداری اور شفافیت کو یقینی بنایااور کمیشن اور کک بیکس کا خاتمہ کیا تو اربوں روپے کی بچت ہوئی جو کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بارہوئی ہے۔انہوں نے کہا کسان سولر ٹیوب ویل بنائیں جس کیلئے حکومت انہیں بلا سود قرضے جاری کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اس پیکج کی تیاری میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں