جھنگ،ٹریفک پولیس کی شاندار کارکردگی،تیز رفتار گاڑیوں کیخلاف کارروائی ، 866 گاڑیاں اور 65 ڈرائیورز تھانوں میں بند

ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں پر 8771 گاڑیوں کے چالانات، 28 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول

اتوار 18 مارچ 2018 16:10

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) ٹریفک پولیس جھنگ نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں پر مختلف اقسام کی 8771 گاڑیوںو موٹر سائیکلوں اور دیگر انواع کی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی یقینی بناتے ہوئے ان کے چالانات کرکے ان سے 28 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کرلیا جبکہ اس دوران تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران نہ صرف 866 گاڑیوں بلکہ خطرناک ڈرائیونگ پر 65 ڈرائیورز کو تھانوں میں بندکر تے ہوئے قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں کو روکا جاسکے۔

ڈی ایس پی ٹریفک پولیس جھنگ نسیم اختر نے ایک ملاقات کے دوران بتایا کہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کے مالکان پر واضح کیا گیا ہے کہ ان کی جانب سے ٹریفک رولز کی کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی تاکہ حادثات کا احتمال نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹی و بڑی گاڑیوں کو اوورلوڈنگ سے بھی روک دیا گیا ہے اور مقررہ حد سے زیادہ سامان لوڈ کرنیوالی 978 مال بردار گاڑیوں کے چالانات کرکے ان سے 4 لاکھ 44 ہزار روپے جرمانہ کی وصولی بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر اور نابالغ بچوں کے موٹر سائیکل و چنگ چی رکشے اور دیگر گاڑیاں چلانے پر بھی زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں بھی ایک ہزار کے قریب چالانات کرکے ان سے لاکھوں روپے جرمانہ کی وصولی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہری حدود میں تیز رفتاری اور ناجائز اڈوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام شہری قانون پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پامالی سے گریز کریں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹریفک رولز کی خلاف ورزیوں سے گریز کیا جائیگا۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں