ملک میں کم عمر کی شادی پر پابندی کرنا ہوگی، وزیراطلاعات فواد چودھری

ایران اور سعودی عرب نے بھی کم عمرشادی کو قابل سزا جرم بنایا، لیکن ہماری پارلیمنٹ میں ابھی بل ہی پیش نہیں ہوا، اگرکم عمر شادی کیخلاف بات کریں تو کوئی نہ کوئی مولوی کھڑا ہو جاتا ہے۔ جہلم میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 نومبر 2021 19:21

ملک میں کم عمر کی شادی پر پابندی کرنا ہوگی، وزیراطلاعات فواد چودھری
جہلم (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر 2021ء) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں کم عمر کی شادی پر پابندی کرنا ہوگی، ایران اور سعودی عرب نے بھی کم عمرشادی کو قابل سزا جرم بنایا، لیکن ہماری پارلیمنٹ میں ابھی بل ہی پیش نہیں ہوا، اگرکم عمر شادی کیخلاف بات کریں تو کوئی نہ کوئی مولوی کھڑا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے جہلم میں شجرکاری مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں کے وہ لانگ مارچ کرے، یہ حلوے کھانے والی اپوزیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایڈمنسٹریٹر ریفارمز کی ضرورت ہے، ایران اور سعودی عرب نے کم عمر شادی کو قابل سزا جرم بنا دیا ہے، ہماری پارلیمنٹ میں ابھی تک کم عمر شادی کا بل پیش نہیں ہوا، یہاں اگر کم عمر شادی کیخلاف بات کریں تو کوئی نہ کوئی مولوی کھڑا ہو جاتاہے۔

(جاری ہے)

  کم عمر شادی پر مکمل بین ہونا چاہئے،اس طرح ملک نہیں چل سکتے، ہم پتھر کے زمانے میں ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کا نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کا سوچا، عمران خان نے بلین ٹری سونامی سے درختوں کی اہمیت کو شناس کروایا اور حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلا کام 10 ارب درخت لگانے کے منصوبہ شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ہم نے جہلم میں1500 کنال جگہ واگزار کرائی اور 35 ہزار درخت لگائے، آج پھر بیس ایکڑ رقبے پر 25 ہزار درخت لگائے گئے ہیں۔

بچے جہاں بھی درخت لگائیں وہ اپنے نام کی تختی بھی لگائیں پھر ہرتین ماہ میں آکر اس درخت کی نشرونما کو دیکھیں۔ فضائی آلودگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ سانس لینا مشکل اور کینسر کی بیماری میں اضافہ ہو رہا ہے، پورا لاہور سردی میں دھند میں گم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ملکی معیشت بہتر ہوئی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں