معاشی تعاون کے ساتھ ترکی کی تکنیکی مہارت اور تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے، شیخ عمر ریحان

کشمیر پر مؤقف کی دو ٹوک حمایت کرنے پر پوری پاکستانی قوم ترک صدر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، صدر کاٹی

منگل 18 فروری 2020 21:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کہا ہے کہ ترکی کے صدر طیب اردوان کے تاریخی کے دورے کے بعد پاکستان ترک تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک کو اس کے معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ترکی صدر نے جس طرح کشمیر پر پاکستانی موقف کی دو ٹوک اور واضح حمایت کی اس کے لیے پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے جن یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، ان پر عمل درآمد کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تعاون کے ساتھ ساتھ تکنیکی میدان میں بھی ترکی کی مہارت اور تجربات سے استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے اور دونوں ممالک کو اس سلسلے میں بھی مل کر کام کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنانی چاہیے۔ شیخ عمر ریحان نے مزید کہا کہ ترک صدر کا تاریخی دورہ وزیر اعظم پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے جس پر انھیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں