یونائٹیڈ بزنس گروپ کا وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب کا خیرمقدم

پیر 20 اگست 2018 23:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بزنس کمیونٹی کی توقعات کے عین مطابق قرار دیا ہے۔ پیر کو جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک،سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،ترجمان گلزار فیروز،سینیٹر عبدالحسیب خان،سینیٹر الیاس احمدبلور،عبدالسمیع خان،ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،خالدتواب،میاں محمدادریس، ریاض الدین شیخ،ا نجینئر داروخان،یو بی جی کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین نوید بخاری،تنویراحمدشیخ،حنیف گوہر،نوراحمدخان،ممتازشیخ،شکیل ڈھینگڑا،ظفر بختاوری،ملک سہیل حسین،حمید اختر چڈھا، عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی حکومت ملک میں بہتری کے لیے پرعزم ہے، آئندہ 100 روز میں حکومت کی سمت واضح ہوگی، وزیر اعظم کی ملک و قوم کو کرائی جانے والی یقین دہانیاں پوری ہونے سے کراچی سمیت ملک بھر کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیر اعظم کی پہلی تقریر بہت حوصلہ افزاء تھی، نومنتخب حکومت جو اقدامات کرنے جارہی ہے اس میں کچھ وقت لگے گا اس لیے عوام کو صبر کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معاشی ترقی اور سادگی کے ذریعے وسائل کو بچانے، زرعی نظام کی بہتری ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے، بزنس کمیونٹی ملک سے کرپشن کے خاتمے، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات بڑھانے، زراعت کی بہتری کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، کرپشن کا خاتمہ، ٹیکسوں کے نظام کی بہتری، لوٹی گئی دولت کی واپسی، پانی کی قلت اور سماجی شعبے کی بہتری کے لیے وزیر اعظم کے قوم سے وعدوں کی تکمیل میں تاجر برادری حکومت اور عمران خان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی پہلی تقریر اور ملک سے کرپشن کے خاتمے سادگی اختیار کرنے اور اخراجات میں کمی سمیت دیگر اقدامات قابل تعریف ہیں، بزنس کمیونٹی لوٹی گئی دولت واپس لانے اور اخراجات میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کی تشکیل کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے اور ٹاسک فورسز کی مکمل معاونت کرے گی۔

زبیرطفیل نے کہاکہ ایف بی آر میں اصلاحات اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، قوم کو عمران خان سے بہت توقعات ہیں بزنس کمیونٹی ملک و قوم کی بہتری کے لیے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ گلزار فیروز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر سے ملک میں بہتری کی ہوائیں چلنے کی کچھ امید بندھی ہے تاہم انہیں یہ مشن کانٹوں پر چل کر ہی مکمل کرنا ہو گا لیکن اس کیلئے پوری قوم ان کے ساتھ ہے، میری وزیراعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ ایف پی سی سی آئی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بالخصوص درمیانے درجے کے بزنس مینوں اور ایس ایم ایز سیکٹر کو بھی مشارت میں شامل کریں اور ایکسپورٹرز کو ان کے ریفنڈز کی فوری ادائیگی کیلئے قدم اٹھائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں