سندھ کا اعزاز ہے کہ یہاں دہشت گرد پیدا نہیں ہوا، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:20

سندھ کا اعزاز ہے کہ یہاں دہشت گرد پیدا نہیں ہوا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں سے کوئی دہشت گرد پیدا نہیں ہوا ۔بدھ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی وارکورس کے 215رکنی وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہاں دہشت گرد باہر سے آئے لیکن یہ ضرور ہوا کہ سہولت کار پیدا ہوئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم کو بطور چیلنج ڈیل کررہے ہیں، رواں سال کے آخر تک تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا ہوجائے گی۔

وزیر اعلی سندھ نے ڈیم کے حوالے سے کہا کہ ہم ڈیمز کی تعمیر کے خلاف نہیں ہمارا موقف واضح ہے، ڈیمز کو بھرنے کے لیے کہاں سے پانی لائیں گی کوٹری میں نیچے پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے ڈیلٹا تباہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کا حل پانی کا تحفظ اور فصل کٹائی کو تبدیل کرنے میں ہے،ہمیں ایسی فصلوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو کم پانی لیتی ہیں۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ کا یہ بھی کہا کہ کوئی بھی عالمی برقی کمپنی تھر میں کام نہیں کرنا چاہتی تھی،ہم نے سندھ حکومت کی ایک کمپنی بنائی اور اینگرو سے شراکت داری کی صورت میں تھر میں کول مائننگ شروع کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر پر ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی، پہلا پاور پلانٹ نوری آباد میں لگایا،ہم نے سروسز پر سیلز ٹیکس میں ریکارڈ وصولیاں کی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں