وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت گورنرسندھ نے کریم آباد چورنگی پر پودا لگایا

منگل 23 اکتوبر 2018 22:25

وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت گورنرسندھ نے کریم آباد چورنگی پر پودا لگایا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم پاکستان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت کراچی وسطی کے علاقہ کریم آباد کی چورنگی پر پودا لگایا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسلم خان بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے رہنما اصولوں میں صفائی کو بڑی اہمیت حاصل ہے حتیٰ کے صفائی کے متعلق ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے ہمیں بھی اپنے وطن کی صفائی ستھرائی پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے مماک میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں پر موسمی تغیرات کے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اس لئے وزیراعظم پاکستان نے پورے ملک میں 10 ارب پودے لگانے کا اعلان کیا، یہ ایک واحد راستہ ہے جس سے ہم موسمی تبدیلی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لئے قائم کی گئی کراچی ٹاسک فورس پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق سب کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم رکھتا ہے، ہم سب مل کر ہی ملک وقوم کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں، ٹاسک فورس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے میری بات ہوئی ہے میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ دو اراکین اسمبلی یا وزراء کے نام ہمیں ارسال کردیں تاکہ انہیں بھی ٹاسک فورس میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبہ میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، مقصد یہی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں