دھواں دھار بارش کے بعد کراچی پانی پانی، لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی

بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل بلدیہ کا عملہ سڑکوں پر جمع پانی نکالنے نہ پہنچ سکا۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے

پیر 21 جنوری 2019 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) کراچی میں ہونیوالی موسلادھار بارش نے شہر میں نظام زندگی درہم برہم کردیا، بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی جبکہ پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثرہوگئی، بلدیہ کا عملہ سڑکوں پر جمع پانی نکالنے نہ پہنچ سکا۔

بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔کراچی میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے شہر کی سڑکوں کو پانی میں ڈبو دیا۔ غریب آباد، ناظم آباد، گلستان جوہر، ڈرگ روڈ، ملیر کالا بورڈ، شاہراہ فیصل اور کارساز میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ کراچی بلدیہ کا عملہ سڑکوں پرجمع پانی نکالنے کیلئے نہ پہنچ سکا، ہر طرف جل تھل ایک ہے جس سے ٹریفک کی روانی متا ثرہوگئی۔

(جاری ہے)

تیز بارش کے باعث لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی جس نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا۔بارش کی بوندیں برستے ہی کے الیکٹر ک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا جس سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے، بارش کے باعث جوبلی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے ایک شخص زندگی ہار گیا جس کی شناخت ریحان شاہ کے نام سے ہوئی، بارش کے باعث موٹر سائیکل پھسلنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں