صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیر صدارت گورنرہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 23 اپریل 2019 00:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ پیر کو گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل، سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین ثمر علی خان، وفاقی سیکریٹری نوید کامران بلوچ، بورڈ کے ممبر عدنان اذدر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں صدر مملکت کو سندھ انفرا اسٹکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا کہ کراچی انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اس کو سندھ انفرا اسٹکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا درجہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے بتایا کہ انہوں نے کراچی انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی سے سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی بنانے کی اصولی منظوری وزیر اعظم سے ملاقات میں لی تھی بعد ازاں جس کی با ضابطہ منظوری کراچی انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ نے بھی دی، اس کے ذریعہ صوبے بھر میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوگا اور نئے منصوبے پیش کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرین لائن بس منصوبہ بہت جلد عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبے سے عوام کو سستی، آرام دہ اور اچھی سفری سہولت میسر آئے گی، منصوبے کی تکمیل سے شہر میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا، گرین لائن بس منصوبے سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی یقینی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں