گورنر سندھ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی گورنر ہائوس میں ملاقات

جمعرات 18 جولائی 2019 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے متحدہ عرب امارات کے سفیر Hamad Obaid Al Zaabi نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل Bakheet Al Remeithi بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک یو اے ای دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، باہمی تجارت ، مشترکہ مفادات ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اٹھائے گئے اقدامات ،مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کے لازوال رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری ، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے مزید فروغ کا خواہشمند ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے امدادی کاموں پر عوام متحدہ عرب امارات کے شکر گذار ہیں۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ،یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پورے پاکستان کو متاثر کرتی ہے، کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیںاس ضمن میں یو اے ای کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٴْٹھائیں، یو اے ای سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر Hamad Obaid Al Zaabi نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے،پاکستان کو مستحکم ، خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں ، مستحکم اور مضبوط پاکستان متحدہ عرب امارات کے مفادات میں ہے اس ضمن میں پاکستان سے سفارتی ، اخلاقی ، معاشی اور تجارتی تعاون جاری رہے گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں