متحدہ عرب امارات نے خاکستر جھگیوں کی بستی کے لیے اہم قدم اٹھا لیا

دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ یو اے ای نے کراچی میں جل کر راکھ ہونے والی جھگیوں کی بستی کے لیے امداد بھیج دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 23 جنوری 2020 14:18

متحدہ عرب امارات نے خاکستر جھگیوں کی بستی کے لیے اہم قدم اٹھا لیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جنوری 2020ء) متحدہ عرب امارات کی جانب سے کراچی میں جل کر راکھ ہونے والی جھگیوں کی بستی کے لیے امداد آ گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی کے قریب جھگیوں میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں متاثرین کی امداد کے لیے کراچی کے لیے کراچی میں واقع یو اے ای قونصل خانے اہم قدم اٹھا لیا۔متحدہ عرب امارتا کے قونصل جنرل سالم الخدیم نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار شالوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔قونصل جنرل نے متاثرین کے مسائل سنے اور ان میں امداد اشیاء بھی تقسیم کی۔امدادی سامان میں کمبل، کھانے پینے کی اشیا اور گرم کپڑے بھی شامل تھے۔علاوہ ازیں متاثرین میں عارضی ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر متاثرین سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

بحالی کے سلسلے میں ہم آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں اماراتی ہلال احمر کا کام سال بھر جاری رہتاہے۔جب کہ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لیاقت آباد میں لیاری ندی کے کنارے ہندو آبادی کی جھگیوں میں آگ عبادت کے لیے جلائے گئے چراغ سے لگی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ہوئی آتشزدگی سے 180 جھگیاں جل گئی تھیں۔اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ لیاقت آباد فہیم خان کے مطابق اس آبادی کے پرانے رہائشی پھول فروش بیٹوں ولد موتی لال نے بیان دیا ہے کہ کہ وہ اس آبادی میں اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پذیر ہے ان کی والدہ گزشتہ رات ان کے ماموں کے گھر گئی ہوئی تھی۔ پھول فروش بیرجو کے مطابق اس کے بھائی پھول بیچنے کے لئے گئے ہوئے تھے جبکہ ایک بھائی کھلونے بیچنے گیا تھا گھر میں اس کی چھوٹی بہن اور 9 سالہ بھتیجی تھی۔

بیرجو کے مطابق اس نے تیل منگوایا اس کی بہن نے چراغ جلایا اور پیٹی پر رکھ دیا جس کے بعد وہ روٹیاں لینے چلا گیا جبکہ بھتیجی کھیلنے کے لیے باہر نکلی تو تیل ختم ہونے پر بجھنے سے قبل چراغ سے شعلہ لپکا جس سے جھگی کو آگ لگ گئی۔ بیرجوکے مطابق آگ تیز ہوا کی وجہ سے پوری آبادی میں پھیل گئی اور جب وہ روٹیاں لے کر واپس آیا تو پوری آبادی شعلوں کی لپیٹ میں تھی۔ایس ڈی ایم لیاقت آباد فہیم خان کے مطابق یہ ابتدائی شہادت سامنے آئی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔فہیم خان کے مطابق ابتدائی سروے کے مطابق علاقے میں جلنے والی جھگیوں کی تعداد180 ہے اور آگ سے 200 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں