سردی کے موسم میں شدید گرمی، کراچی میں صرف ایک ہی دن میں درجہ حرارت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا

شہر قائد کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 17 فروری 2020 22:13

سردی کے موسم میں شدید گرمی، کراچی میں صرف ایک ہی دن میں درجہ حرارت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری2020ء) سردی کے موسم میں شدید گرمی، کراچی میں صرف ایک ہی دن میں درجہ حرارت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، شہر قائد کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق رواں موسم سرما کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑی، تاہم کچھ روز سے موسم خشک ہو جانے کے باعث سردی کی شدت میں واضح کمی ہوئی ہے۔

ناصرف سردی کی شدت میں کمی ہوئی، بلکہ کچھ علاقوں میں تو درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی میں ایک روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے باعث شہر میں دوپہر کے وقت موسم کافی حد تک گرم ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

صبح کے اوقات میں بھی شہر قائد کا موسم کچھ زیادہ سرد نہیں رہا اور کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سردی کی لہر تقریباً ختم ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے اور آئندہ کچھ روز کے دوران بھی ایسا ہی موسم رہنے کی توقع ہے۔ تاہم ملک کے جنوبی علاقوں کے برعکس، شمالی علاقوں میں سردی کی شدت اب بھی برقرار ہے۔ خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہ رہا ہے۔ جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت خنکی سے درجہ حرارت کم جب کہ دوپہر میں زیادہ ہو جاتا ہے۔ لاہور کا درجہ حرارت صبح کے وقت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو 25 تک جا سکتا ہے۔                         

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں