پاکستان ہندو کونسل کی بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت

ہفتہ 29 فروری 2020 18:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2020ء) پاکستان ہندو کونسل نے بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی سخت الٖفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کا اعلی سطحی اجلاس پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کماروانکوانی کے زیر قیادت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان ہندو کونسل کے صدر گوپال خامانی ، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی، جوائینٹ سیکریٹری پمن لال راٹھی سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستانی ہندو کمیونٹی کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بھارت کے مختلف علاقوں بالخصوص دہلی میں ریاستی سرپرستی میں جاری مسلم کش فسادات پر سخت غم و غصّے کا اظہار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارتی مسلمان اقلیتوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نریندر مودی کو دور حاضر کا ہٹلر قرار دے دیا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ مقامی اور عالمی میڈیا پر نشر کردہ ویڈیو کلپس دل دہلا دینے والے ہیں اور وہ بھارتی مسلمانوں کی بے بسی پر بہت دکھی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سرکاری سرپرستی میں انسانیت کا قتل عام کیا جارہا ہے، انسانیت کا درد رکھنے والے ہر شخص کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں بلوائیوں کی جانب سے جے شری رام کا نعرہ لگانے کی بھی مذمت کی گئی، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب انسانیت کا درس دیتا ہے اور دوسرے مذاہب کا احترام یقینی بنانے کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت میں جے شری رام کا نعرہ لگانے والے بلوائیوں کو چیلنج کیا کہ وہ رامائن کا مطالعہ کریں اور بتایا جائے کہ ہندو دھرم میں کہاں لکھا ہے کہ معصوم انسانوں کے خلاف ایسا ہولناک ظلم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیت ہر ملک میں موجود ہے کچھ اختلافات کا ہونا فطری عمل ہے لیکن یہ ریاست کا فرض ہے کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، افسوس کا مقام ہے کہ نریندر مودی نے ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ گجرات میں مسلمان اقلیتوں کا خون بہایا اور اب وزیر اعظم بننے کے بعد دہلی سمیت پورے بھارت کو خون سے لہو لہان کردیا ہے ۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ آج بھارتی مظلوم مسلمانوں کی حمایت نہ کرنے والے بھی ظالم ہیں۔ پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں ایک بار پھر واضح الفاظ میں بھارتی شہریت ترمیمی بل کو مسترد کیا ۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ پاک سر زمین پر بسنے والا ہر ہندو پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا سمجھتا ہے، کوئی محب وطن ہندو پاکستان کی شہریت چھوڑنے کا تصور نہیں کرسکتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں