صوبہ سندھ میں 7 ماہ بعد آج سے تمام تعلیمی ادارے کھل گئے

کراچی سمیت پورے صوبے میں پرائمری اور مڈل کلاسوں کا آغاز ہوگیا ، بچوں کو اسکول بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ والدین کریں گے ، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 ستمبر 2020 10:08

صوبہ سندھ میں 7 ماہ بعد آج سے تمام تعلیمی ادارے کھل گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2020ء) پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے سبب 7 ماہ سے بند تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ، کراچی سمیت پورے صوبے میں آج سے پرائمری اور مڈل کلاسوں کا آغاز ہوگیا ، جبکہ چند تعلیمی ادارے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز کو بہتر بنانے کے بعد یکم اکتوبر سے کھلیں گے ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت کے مطابق ایک کلاس روم میں بچوں کی آدھی تعداد کو بٹھایا جائے گا ، اسکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی ، والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول ہر گزنہ بھیجیں ، جبکہ طبیعت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں ٹیسٹ کروائیں ، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں ، بغیر ماسک کے بچوں میں اسکول میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ، بچے اسکول میں کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے ، محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اسکول انتظامیہ بچوں کو زبردستی اسکول نہیں بلا سکتی ، بچوں کو اسکول بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ والدین کریں گے ، تمام اسکولوں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ، جو والدین خود بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لینے جائیں گے وہ محفوظ رہیں گے ۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جہاں پہلے مرحلے میں یونیورسٹیاں ، میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طالبعلموں کو بلایا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں مڈل کلاسوں کا آغاز ہوا تھا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں