پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کا جام شورو میں علاقائی دفتر قائم ہوگا

اتوار 28 فروری 2021 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے جام شورو، سندھ میں علاقائی دفتر کے قیام کے لیے آج سندھ حکومت کے ساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید اور سند ھ حکومت کی طرف سے ثقافت، سیاحت اور نوادرات کے سیکریٹری غلام اکبر لغاری نے یاداشت پر دستخط کیے۔

مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ پی ا ین سی اے ثقافتی ترقی اور فنکاروں کی فلاح کا ایک قومی ادارہ ہے اور ہم اس قومی ادارے کے دائرہ کار کو پورے ملک اور خصوصا دور دراز علاقوں تک پھیلانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت ہماری پہچان ہے اور ہم اس کی ترویج و ترقی میں تمام علاقائی رنگ بھرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

آج کا یہ معاہدہ اس کاوش کی ایک کڑی ہے پاکستان صدیوں پر محیط عظیم ثقافتی ورثے کا امین ہے، جسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت وقت کا تقاضا ہے۔اس معاہدہ کے تحت دونوں ادارے مشترکہ ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کریں گے اور اس کوشش سے ملکی فنون ثقافت کی ترقی میں ایک نئے باب کا آغاز ہونے جارہا ہے۔سیکریٹری غلام اکبر لغاری نے کہا کہ سندھ تاریخی ورثہ کا صوبہ ہے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنی ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔

آج کے اس معاہدے سے سندھی ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مزید مدد ملے گی۔جبکہ دونوں اداروں کی اجتماعی کوششوں سے پورے ملک کے ثقافتی اکائیوں کو قریب لانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا نیز فنکاروں بالخصوص نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے ڈاکٹر فوزیہ سعید کی علاقائی ثقافت کی ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا اور انہیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں