تاجروں کا معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ

آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، ایک ہاتھ بھارت سمیت ہمارے پڑوسیوں سے ملائیں، دوسرا ہاتھ اڈیالہ کے باسیوں سے ہاتھ ملائیں۔ کراچی میں ملاقات کے دوران صنعتکار عارف حبیب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 اپریل 2024 17:22

تاجروں کا معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل 2024ء ) ملک میں معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات کی، وزیراعظم شہباز شریف کی تاجروں سے ملاقات 45 منٹ جاری رہی، ایف پی سی سی آئی کے تاجر رہنماؤں نے بجلی اورگیس کے نرخ کم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت میں 6 سینٹ اوربنگلہ دیش میں 8 سینٹ فی یونٹ بجلی مل رہی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک کے معروف صنعتکار عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے سٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا، آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگرجماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں اب آپ دو ہاتھ اور ملائیں، ایک ہاتھ تو آپ بھارت سمیت ہمارے پڑوسیوں سے ملائیں اور دوسرا ہاتھ آپ اڈیالہ کے باسیوں سے بھی ملائیں، ہمیں پتا ہے آپ یہ سب کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بہترین مفاد میں ہمیں اکٹھا ہونا چاہیئے، ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے ملک کے اصل مسائل کیا ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی، پنجاب میں مسلم لیگ ن اور خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کہاں کس کی حکومت ہے، مشکلات کوسمجھ کراس کا مقابلہ کرنا ہے، ذاتی پسند اور نا پسند سے ہٹ کرسوچنا ہوگا، پاکستان کو کھویا ہوا مقام کیسے واپس دلانا ہے یہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے، تاجربرادری کے ساتھ دوستانہ گفتگوہوئی، آپ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے مشوروں کے ساتھ ہم ملک کیلئے بہتر پالیسی بناسکتے ہیں، زراعت میں ہمیں مل کر انقلاب لانا چاہیے، مشکلات کو چیلنج سمجھ کر مقابلہ کریں گے، اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیئے، ہمیں گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے مسائل سے نکل آئیں گے، آپ کی صلاحیتوں پر فخرہے قوم کو مشکل وقت میں آپ کی ضرورت ہے، ملک میں مسائل ضرورہیں لیکن مضبوط ارادے سے ہم مشکلات پر قابو پالیں گے، پاکستان ترقی کے لحاظ سے بہت پیچھے رہ گیا اور پڑوسی ممالک بہت آگے نکل گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں