کراچی میں جلسہ،عدالت کا پی ٹی آئی کی درخواست پر 10روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا کوئی جواز نہیں، ممکن ہو تو فریقین کی رضا مندی سے کسی متبادل مقام پر جلسے کی اجازت دیں،سندھ ہائیکورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 13 مئی 2024 16:28

کراچی میں جلسہ،عدالت کا پی ٹی آئی کی درخواست پر 10روز میں فیصلہ کرنے کا حکم
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 مئی 2024) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں جلسے نہ دینے کیخلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انتظامیہ کو پی ٹی آئی کی درخواست پر 10روز میں فیصلہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے تحریکِ انصاف کی درخواست پر سماعت کی۔محکمہ داخلہ سندھ اور ڈپٹی کمشنر شرقی نے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے جلسے کی اجازت نہ دینے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروپس ہیں،فلاں فلاں ہیں، یہی وجہ ہے روکنے کی؟ کب تک چلے گا یہ سب؟ جو غیر مسلم ہیں ان کا بھی ایمان یہی ہے کہ جس دن جانا ہے اسی دن جانا ہے، اس حد تک جائیں جو آپ بھی برداشت کر سکیں۔ ایسے اب نہیں چلے گا کہ آپ رپورٹ لا کر تھما دیں۔

(جاری ہے)

دوسرے لوگ جلسہ کر کے گئے ہیں نا؟ کہتے ہیں کہ اجازت نہیں لی، آپ کی اجازت کے بغیر کوئی کچھ کر سکتا ہے؟ ہمیں کسی پارٹی سے کچھ لینا دینا نہیں۔

آپ بیٹھیں اور جائزہ لے کر ان کو جلسے کی اجازت دیں، ہمیں وہاں مت لے جائیں کہ ہمیں بہت سخت حکم دینا پڑے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے حکم دیا کہ جلسے کی اجازت نہ دینے کا کوئی جواز نہیں۔ تمام متعلقہ ادارے پی ٹی آئی کی درخواست پر 10 دن میں فیصلہ کریں اور اگر ممکن ہو تو فریقین کی رضا مندی سے کسی متبادل مقام پر جلسے کی اجازت دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی میں شیڈول جلسے کی ضلعی انتظامیہ نے اجازت نہیں دی تھی۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے دوسری بار پھر جلسے کی اجازت سے انکار کردیاتھا۔ پی ٹی آئی نے 5 مئی کو باغ جناح میں جلسہ کرنا تھا۔پی ٹی آئی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات علی بلوچ کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں نئی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی نے 5 مئی کو باغ جناح میں جلسہ کرنا تھا ،پی پی آئی کے مطابق ڈی سی ایسٹ نے دوسری بار پھر جلسے کی اجازت سے انکار کردیا،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت جلسے کا انعقاد کیا جانا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں