کراچی، عید الاضحی پر شہری انتظامیہ کی غیر فعالی سوالیہ نشان ہے، شہرکے کسی علاقے میں صفائی نظرنہیں آرہی ہیں، محمد سلیم خاں قادری ترابی

Kالیکٹرک انتظامیہ عید کے ایام میں بجلی کی مکمل فراہمی کو یقینی بناکر عوام کو اذیت اور کوفت سے نجات دلائے، واٹراینڈسیوریج بورڈ تمام علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسیء آب کے ہنگامی اقدامات کرے، بانی مرکزی میلادالائنس پاکستان

پیر 20 اگست 2018 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2018ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے تاحیات چیئرمین اورممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نمازعیدالاضحی جامع مسجد حضرت عالم شاہ بخاریؒ میں اداکریں گے۔

بعدازاں قربانی کی سعادت اور احباب سے ملاقات کریں گے،جبکہ شام کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شہرکے مختلف علاقوں کادورہ بھی کریں گے ۔ محمد سلیم خاں قادری ترابی نے عیدالاضحی کے موقع پر سول وبلدیاتی انتظامیہ کی عدم دلچسپی پر حیرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مسلمانوں کے ملک میں مسلمانوں کے سب سے بڑے تہوارپر ملک کے سب سے بڑے شہرمیں گندگی اور کچرے کے ڈھیر ذمہ داران کی کارکردگی کا منہ چڑارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ابھی یہ عالم ہے تو عید پر کیاہوگا ،لگتاہے بلدیاتی ادارے کسی کے ماتحت نہیں رہے،شہربھرمیں اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد،مدارس،خانقاہوں، آستانوں اور عیدگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کاابھی تک کوئی بندوبست نہیں کیاگیاہے،جس سے لوگ پریشان ہیں،سڑکوں اور گلیوں میں گندہ پانی بہہ رہاہے، کیچڑ اور گندگی کی سڑاندسے بدبوداربھبکے اٹھ رہے ہیں جو لوگوں کو بیماری میں مبتلاکررہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ اگر کوئی انتظامیہ ہے تو فوری طورپر اس کوتاہی کا نوٹس لے اور راتوں رات بلدیاتی عملے کو صفائی ستھرائی کا پابندکرے۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے Kالیکٹرک انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ عید کے ایام میں بجلی کی مکمل فراہمی کو یقینی بناکر عوام کو اذیت اور کوفت سے نجات دلائیں۔ٹریفک پولیس اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیتے ہوئے شہربھرمیں ٹریفک کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔واٹراینڈسیوریج بورڈ تمام علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسیء آب کے ہنگامی اقدامات کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں