امریکا کی کمرشل سروس کے تحت پاکستانی تاجروں کے وفد کی سولر پاور ٹریڈ ایونٹ میں شرکت

پیر 24 ستمبر 2018 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) امریکی کمرشل سروس کے تحت پاکستانی کمپنیوں کا 15 رکنی وفد سولر پاور انٹرنیشنل ٹریڈ شومیں شرکت کرے گا، یہ تجارتی نمائش امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اناہیم میں 25 سے 27 ستمبر تک منعقد کی جارہی ہے۔ایس پی آئی ٹریڈ شو شمالی امریکا میں شمسی توانائی کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ رواں سال اس نمائش میں دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے 20 ہزار سے زائد شرکا اور 650 سے زائد نمائش کنندگان کی شرکت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی آئی کا بنیادی مقصد شمسی توانائی کی صنعت کے متعلق معلومات فراہم کرنا اور اس شعبے میں پیش رفت کو اجاگر کرنا ہے۔ ایس پی آئی میں شمسی توانائی کے کاروبار، مارکیٹ رجحان، شمسی توانائی کی افادیت، اسے ذخیرہ کرنے اور قومی گرڈ میں شامل کرنے جیسے موضوعات پر کانفرنس اور سیشن منعقد کیے جائیں گے۔امریکی قونصلیٹ کراچی میں تعینات کمرشل قونصلر مارک رسل کا کہنا ہے کہ "پاکستان میں شمسی توانائی کی صنعت فروغ پارہی ہے۔ حکومت اس سلسلے میں بیرونی سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع بڑھانے اور اس شعبے کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔"

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں