ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سنگین اور ایف آئی آر جیسے سخت اقدامات سے جہاں تک ممکن ہو گریز کرنا چاہیئے، رضا ہارون

پولیس و حکومت میڈیا اور دیگر ذرائع استعمال کر کے عوام میں ٹریفک قوانین کی آگاہی مہم چلائیں، سیکریٹری جنرل پی ایس پی

منگل 16 اکتوبر 2018 23:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدآمد کو یقینی بنانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ٹریفک میں بہتری کی گنجائش موجود ہے وہیں پولیس کو بھی ایسے قوانین جن کے اطلاق اور پابندی کرانا ان کی اپنی ذمہ دای تھی اس پر خلاف ورزی کرنے والوں پر سنگین اور ایف آئی آر جیسے سخت اقدامات سے جہاں تک ممکن ہو گریز کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین کی آگاہی اور شہری ذمہ داری کی معلومات فراہم کیے بغیر صدیوں کی برائی کو صرف پولیس ایف آئی آر، مقدمات اورحوالات میں بند کرنا دانشمندی نہیں۔ انہوں نے پولیس چیف کو مشورہ دیا کہ ترقی یافتہ مہذب معاشرے میں قوانین کا اطلاق اور اس کا پابند بنانا تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم کا معیار انتہائی پست ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پولیس و حکومت میڈیا اور دیگر ذرائع استعمال کر کے عوام میں ٹریفک قوانین کی ایک سے تین ماپ تک آگاہی مہم چلائیں۔ اس مہم کیلئے مقبول عوامی رہنما، سیاستدان، میڈیا پرسنز، فنکار، کھلاڑی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی مشہور عوامی شخصیات کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔عوام تک مناسب معلومات کے فروغ کے بغیر سخت سزائیں اور ایف آئی آر اس مسئلہ کا حل نہیں۔

انہوں نے پولیس چیف کے اس اقدام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کراچی کے عوام کو اس بات کا موقع دیا جائے کہ وہ ٹریفک قوانین کی بھرپور معلومات حاصل کریں اور تمام تر ضروری دستاویز، لائسنس و رجسٹریشن مکمل کر لیں۔ سزا اور جزا کا عمل، مقدمات اور نقد جرمانہ و عدالتوں میں پیشی انتہائی اور سخت اقدامات ہیں اور ان کی گنجائش اس وقت بنتی ہے جب ریاست عوام کو ان کی ذمہ داری و قوانین کی بھرپور تعلیم دینے کی ذمہ داری بھی پوری کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں