پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، امریکی قونصلیٹ حکام

امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کی کوششوں میں تعاون کریں گے، سینئر افسر کمرشل سروس مارک رسل کی وفد سے گفتگو

بدھ 14 نومبر 2018 23:13

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) امریکی قونصلیٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کی کوششوں میں تعاون کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارکراچی میں امریکی قونصلیٹ کے سینئر آفیسر کمرشل سروس، یو ایس ڈپارٹمنٹ آف کامرس انٹرنیشنل ٹریڈ ایڈمنسٹریشن مارک رسل نے مقامی ہوٹل میں امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

وفد کی قیادت ہیوسٹن امریکہ سے آئے ہوئے فورم کے بانی و صدراور منیجنگ پارٹنرآئی سی سی ایم سی نوید عیسیٰ نے کی۔ وفد کے دیگرا راکین میں امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم پاکستان چیپٹر کے سیکریٹری جنرل سید ناصر وجاہت، سیکریٹری کارپوریٹ افیئرز سید تراب شاہ، سیکریٹری انویسٹمنٹ اینڈ بینکنگ علی پسنانی، اختر شاہین رند اور نور الحسن شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے امریکی افسر مارک رسل نے امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے پاکستان چیپٹر کی لانچ پر نوید عیسیٰ ، سید ناصر وجاہت اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ گزشتہ دنوں میں اس ٹیم نے حالات سازگار نا ہونے کے باوجود فیڈریشن ہاؤس میں کامیاب ایونٹ منعقد کیااور امریکہ سے آئے ہوئے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کا بھرپور خیرمقدم کیا ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فورم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکی قونصلیٹ مستقبل میں فورم کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔ مارک رسل نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق موزوں شعبوں اور امریکی قونصلیٹ کے اس سے متعلق منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے اختتام پر مارک رسل نے فورم کے سیکریٹری انویسٹمنٹ اینڈ بینکنگ علی پسنانی کو فورم کی طرف سے شیلڈ بھی پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں