معذور اور یتیم امیدواروں کو ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی سید ممتاز علی شاہ

، سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہو ، چیف سیکرٹری سندھ

جمعہ 11 جنوری 2019 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ معذور افراد اور مرحوم والدین کی بیٹے بیٹیوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ملازمت کی فراہمی کے حکومتی احکامات کے اجراکے بعد بلا تاخیر پالیسی کے تحت متعینہ امیدواروں کی ملازمت کے سلسلے میں تقرری و تعیناتی یقینی بنائیں۔

انہوں نے پینشن کیسز کی تاخیر پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ افسران اور ملازمین کی رٹائرمنٹ کے ایک ماہ بعد انہیں ان کی پینشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اینٹی کرپشن کیسز سمیت جملہ معاملات جو نظم و نسق، محاسبے انکوائریز اور دیگر امور سے متعلق ہوں انہیں مقررہ مدت میں نمٹادیاجائے ۔ سید ممتاز علی شاہ جمعہ کو سندھ سیکریٹریٹ میں سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ محمد وسیم نے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پروگریس پیش کی۔ چیف سیکرٹری نے سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ اور ذیلی عدلیہ سے متعلق احکامات کی بروقت تعمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ان سب امور کے متعلق پندرہ روز میں تمام سیکریٹریز سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ایوان صدر ،ایوان وزیر اعظم اور چیف منسٹر ہاو س کے احکامات کی تعمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ا فسران اور ملازمین کی قواعد و ضوابط کے تحت ترقی کے لیے حتمی سنیارٹی لسٹ تیار کی جائے۔

سید ممتاز علی شاہ نے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی اور واضح کیا کہ شفافیت کا عنصر نظر انداز نہ کیا جائے۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل ایڈمن ذوالفقار علی شاہ نے رپورٹ پیش کی کہ 54 سرکاری گاڑیاں جو بعض ریٹائرڈ افسران اور بااثر افراد کے زیر استعمال ہیں ان کی واپسی کے لیے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں بصورت عدم تعمیل ایف آئی آر درج کرائی جائیں گی۔ اجلاس میں خواتین اور اقلیتوں کے لئے مختص کوٹہ پر ملازمتوں کی فراہمی کیلئے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں