خصوصی افراد زیادہ بااختیار ہو رہے ہیں جو ایک اچھی علامت ہے،سید قاسم نوید قمر

پیر 14 اکتوبر 2019 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی افراد اور بچوں کی فلاح و بہبود میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور امید ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں ایک بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔ حکومت سندھ بھی ان خصوصی افراد کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں۔

یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف اسپیشل اینڈ ری ہیبیٹیشن سنٹر سکھر میں وہیل چیئرز ، جوتوں اور دیگر اشیائ کی تقسیم کی تقریب میں بطور مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ، سیکرٹری ڈی ای پی ڈی خالد چاچڑ ، ایم پی اے سید فرخ شاہ ، میئر سکھر ارسلان شیخ اور دیگر معززین شہر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید قاسم نوید قمر نے سکھر ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور عملے کی تعریف کی جہنوں نے اس شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر متعدد وہیل کرسیاں ، وہیل واکر ، بیساکھی ، بینڈ ، درآمدی جوتے اور دیگر لوازمات خصوصی بچوں میں تقسیم کیے گئے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام کے انعقاد میں غربت کے خاتمہ انیشی ایٹو (پی ای آئی) نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت سندھ سکھر میں خصوصی افراد کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن عملی قدم اٹھائے گی۔

انہوں نے مزید کہا ، 'یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ خصوصی افراد زیادہ بااختیار ہو رہے ہیں اور باعزت زندگی گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس قانون کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خصوصی افراد کی آسانی سے نقل و حرکت کے لئے ان کی سہولیات کے لئے تمام نئی عمارتوں میں خصوصی واش رومز اور ریمپ ضرور بنائے جائیں۔ سید قاسم نوید قمر نے سوسائٹی کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کی کہ وہ خصوصی بچوں اور افراد کی بحالی کے اعلیٰ مقصد میں ڈی ای پی ڈی کو مدد فراہم کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں