سندھ ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی سماعت

پی پی رہنما خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے، داماد کی عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی

جمعہ 15 نومبر 2019 23:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پی پی رہنما خورشید شاہ کی 2 بیویوں، بیٹے، داماد کی عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔ سندھ ہائی کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے ایک بار پھر خورشید شاہ کے خاندان کے افراد کی ضمانت میں توسیع کر دی۔

عدالت نے صوبائی وزیر اویس شاہ اور دیگر ملزمان کی بھی ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کی ہے۔نیب حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف انکوائری جاری ہے، مزید مہلت درکار ہے، جس پر عدالت نے نیب حکام کو انکوائری مکمل کرنے کے لیے 16 جنوری تک مہلت دے دی۔16 اکتوبر کی گزشتہ سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے خورشید شاہ کی فیملی اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کی تھی، جس کی مدت ختم ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو کی جانب سے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، جس میں انھیں 18 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا، کرپشن کے اس کیس میں 16 ملزمان نے ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔نیب نے عدالت سے کہا تھا کہ پی پی رہنما کے خلاف اسے بینک اکائونٹس سمیت اہم ثبوت مل چکا ہے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے خورشید شاہ کا آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 23 نومبر تک جوڈیشل ریمانڈ منظور کر کے انھیں جیل بھیج دیا تھا، گزشتہ روز انھیں طبیعت کی خرابی پر ایم آر آئی کرانے کے لیے سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا تھا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں