واٹر کمیشن کی ہدایات، ای پی اے سندھ نے اداروں کو تحریری یاددہانی کرادی

کے پی ٹی، پی کیو اے، ڈی ایچ اے، ضلعی حکومت، محکمہ صنعت اور سالڈ ویسٹ بورڈ کو ماحولیاتی قوانین پر بھی عمل کرنے کی تاکید

جمعرات 27 فروری 2020 19:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) ادارہ تحفظ ماحولیات، حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر بنائے گئے ایک رکنی واٹر کمیشن کی صوبے میں ماحولیاتی امور میں بہتری لانے کی ضمن میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے مختلف قومی، وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومت کے اداروں کو بذریعہ خطوط تحریری یاد دہانی کرادی۔کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سائٹ لمٹیڈ، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ، محکمہ لوکل گورنمنٹ اورمحکمہ صنعت حکومت سندھ کے سربراہان کو ڈائریکٹر جنرل سند ھ ای پی اے کی جانب سے لکھے گئے الگ الگ خطوط میں ان اداروں سے واٹر کمیشن کی ہدایات پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کار امور میں سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحولیات 2014پر عمل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دو سال قبل سپریم کورٹ کی ہدایات پر بننے والے ایک رکنی واٹر کمیشن نے سندھ کے مختلف اداروں کو زمینی، آبی اور فضائی ماحولیاتی معاملات کی درستگی کی لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی ہدایات جاری کی تھیں جن پر عملدرآمد کا جائزہ چھ مارچ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لیا جائے گا۔اس کے علاوہ ای پی اے سندھ نے کوئلے کی ماحولیاتی طور پر محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ کی دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کرانے کے لیے آئی جی موٹر وے پولیس اسلام آباد اور آئی جی سندھ کو بھی تحریری یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام پولیس اسٹیشنز اور ٹریفک پولیس مراکز کو مذکورہ ہدایات پر عملدرآمد کے احکامات جاری کئے جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں