کورونا وائرس،مشکل صورتحال ،صنعتی پہیہ جام اور ایکسپورٹ آرڈرز کینسل ہوچکے ہیں،زبیرطفیل

وزیراعظم عمران خان فوری طور پر صنعتوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں،مارک اپ کی شرح کو5فیصد کیا جائے،پاکستان میںشدید مشکلات ہیں لیکن انشااللہ جلد ہی یہ مشکل دور ضرور ختم ہوگا،سیکریٹری جنرل یونائٹیڈ بزنس گروپ

بدھ 8 اپریل 2020 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سیکریٹری جنرل اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر ایف طفیل نے کہا ہے کہ کورووناوائرس کے سبب صنعتی و کاروباری ادارے بندہونے سے کاروباری سرگرمیاں ختم ہوچکی ہیں ، ایکسپورٹ کی آرڈرز کینسل ہوچکے ہیں،صنعتی پہیہ جام ہوچکا ہے ،صنعتی پیداواری سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے ورکرز اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں،سرمایہ کی فراہمی رک جانے سے اورایکسپورٹ کی بندش سے بہت سی صنعتیںبالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں نادہندگی کے قریب پہنچ کربند ہونے کے قریب ہیں،ان حالات میں وزیراعظم عمران خان فوری طور پر صنعتوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں ۔

زبیرطفیل نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر مارک اپ کو 5فیصدکرے کیونکہ ان حالات میں اور آنے والے ایک سال تک کوئی بھی انڈسٹری مارک اپ ادا کرنے کے قابل نہیں ہوگی،دنیا بھر میں مارک اپ ختم کیا جارہا ہے تاکہ وہاں کی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل رہیں، حکومت کو چاہئیے کہ وہ تعمیراتی صنعت کی طرح کا پرکشش پیکج صنعتوں کیلئے بھی دے تاکہ کوروناوائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد ملکی صنعتیں اپنے پیروں پر کھڑی ہونے کے قابل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان اس وقت شدید مشکل میں ضرور ہے لیکن انشااللہ مشکل کا یہ دور ضرور ختم ہوگا،ہمیں مجموعی طور پر مایوس ہونے کے بجائے اللہ سے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کیلئے دعائیں مانگنی چاہئیں،ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی عوام کورونا سے بچائو کیلئے گھروں تک محدود رہیں اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈائون کی صورتحال میں عوام کی مشکلات میں کمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرے ،یہ مشکل وقت ہے جو مقابلے کے بعد ختم ہوجائے گا،پاکستان پرمشکل وقت ہے ،ان حالات میں تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں اور سیاست سے گریز کریں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں