سندھ حکومت مٹھی میں ٹورزم اور ہاسپیٹلٹی انسٹی ٹیوٹ قائم کریگی جلد افتتاح ہوگا، وزیر ثقافت

بدھ 25 نومبر 2020 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) صو بائی وزیر ثقافت, سیاحت و نوادرات نے کہا ہے کہ جلد ہی تھرپارکر میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹوئرزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (پتھم)کا کیمپس قائم کیا جائے گا تاکہ تھرپارکر کے نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے بریگیڈیئر (ر) طارق لاکھیر, سیکریٹری ثقافت اکبر لغاری, ڈی سی تھرپارکر محمد نواز سوہو, ایم ڈی سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی آغا سہیل, ڈی جی کلچر عبدالعلیم لاشاری, ایم ڈی سیاحت اعجاز احمد شیخ, ڈائریکٹر پتھم نیاز ملکانی, اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پتھم کے بورڈ آف گورنرز کے گذشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق ہمیں پتھم کے مزید کیمپسس حیدرآباد, لاڑکانہ اور تھرپارکر میں کھولیں گے . اسی ضمن میں ہمیں مٹھی میں اسٹیوٹا کی طرف سے ایک تیار شدہ بلڈنگ کی آفر ہوئی ہیں جہاں ہم پتھم کا کیمپس قائم کرینگے تاکہ مقامی نوجوانوں کو ہاسپیٹلٹی انڈسٹری سے منسلک مختلف اسکلز کی تربیت ملے اور انکے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تھری نوجوان پہلے ہی فطری طور پر کھانا بنانے کے آرٹ میں اپنی مثال آپ ہیں اور آج بھی بنا کسی پروفیشنل ٹریننگ کے ہزاروں تھری نوجوان اسلام آباد, کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں میں پھیلے ہوئے ہیں اور گھروں اور ہوٹلوں میں لذیذ کھانا بنانے کے ماہر ہیں اور اب پتھم انسٹی ٹیوٹ سے پروفیشنل ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

اجلاس میں تفصیلی گفت و شنید کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پتھم کے مٹھی کیمپس کے لیے اسٹیوٹا اپنی بلڈنگ فراہم کرے گا اور سندھ اینگرو اپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت پتھم کے ریو نیو کمپوننٹ کی ذمہ داری اٹھائے گا, جبکہ محکمہ سیاحت کا ذیلی ادراہ پتھم اپنی تمام تر تکنیکی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کو فوری طور پر فعال کرے گا. اس حوالے سے سیکریٹری اکبر لغاری جلد ہی سہہ فریقی معاہدے کے نکا ت مرتب کرینگے جس پر جلد ہی دستخط کیے جائینگے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹر پتھم نیاز ملکانی اور ایم ڈی ایس ٹی ڈی سی اعجاز احمد شیخ آئندہ ہفتے مٹھی کا دورہ کرکے نئے انسٹی ٹیوٹ کی فزیبلٹی رپورٹ پیش کرینگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے سندھ کے تمام سیاحتی مقامات پر کم از کم بنیادی سہولیات فراہم کردی ہیں اور اب ہم موجودہ مقامات کی سائٹ مینجمنٹ اور مزید نئے سیاحتی مقامات کو اپنے دائرہ کار میں لاتے ہوئے ان پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام شروع کر رہے ہیں. اس حوالے سے ایس ٹی ڈی سی کی جانب سے بہت جلد نیو گڈی بھٹ, اسلام کوٹ, اور نں کوٹ میں ریسٹ ہاو س اور ویو پوائنٹ تعمیر کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں