پیپلز پارٹی نے پورے شہر میں ناجائز تجاوازات قائم کی ہوئی ہیں خرم شیرزمان

بدھ 22 ستمبر 2021 22:42

پیپلز پارٹی نے پورے شہر میں ناجائز تجاوازات قائم کی ہوئی ہیں خرم شیرزمان
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پورے شہر میں ناجائز تجاوازات قائم کی ہوئی ہیں سندھ حکومت سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس کے حوالے سے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہائوس سے بدھ کو جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات، قبضے، کمیشن پیپلز پارٹی کا پسندیدہ مشغلہ ہے، پیپلز پارٹی کی طرزِ حکمرانی میں شہر قائد گندگی اورغلاظت کاڈھیر بن چکا ہے، اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کی ہوئی ہے، سندھ کے مسائل روز بروز بڑھتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکمرانی میں سندھ کا ہر محکمہ تباہ حالی کا شکار ہے، صوبے کے چیف مینیجر کو عدالت کے ریمارکس پر شرم آنی چاہئے۔ خرم شیرزمان نے مزید کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ چیف جسٹس گزشتہ روز 4 سالہ حمزہ کے ساتھ ہونے والے واقعے کا نوٹس لیں، بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق ہماری درخواست زیر سماعت ہے، کراچی کے عوام چیف جسٹس کی عدالت میں انصاف کے منتظر ہیں۔کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹر شپ سے نجات دلانا ہمارا ہدف ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں