کورونا وائرس صورتحال: مزید 11 مریض جاں بحق اور 642 دیگر متاثر

جمعہ 24 ستمبر 2021 23:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 11 مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 7327 ہو گئی ہے اور 12954 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 642 نئے کیسز سامنے آئے ۔ یہ بات وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مزید 11 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس سے اموات کی تعداد 7327 ہو گئی ہے جو کہ شرح اموات کا 1.6 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 12954 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 642 کیسز کا پتہ چلا جو کہ 5 فیصد موجودہ تشخیصی شرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 5939408 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 453752 کیسز کی تشخیص ہوئی ، ان میں سے 93.6 فیصد یعنی 424811 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے والے 9345 مریض بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت 21614 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 21043 گھروں میں ، 30 آئسولیشن مراکز میں اور 541 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 489 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 40 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق 642 نئے کیسز میں سے 229 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع جنوبی 96 ، ضلع شرقی 57 ، ضلع کورنگی 34 ، ضلع وسطی 19 ، غربی 16 اور ضلع ملیر 7 شامل ہیں۔ حیدرآباد 126 ، جامشورو 33 ، سانگھڑ اور سجاول 30-30، شہید بے نظیر آباد 23 ، بدین 18 ، سکھر اور تھرپارکر 15-15، گھوٹکی اور میرپورخاص 13-13، عمرکوٹ 12 ، شکارپور 11 ، دادو 10 ، لاڑکانہ اور ٹنڈو اللہیار 9-9، ٹنڈو محمد خان 7، جیکب آباد اور خیرپور 4-4، کشمور 3، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ 1-1 کیسز ہیں۔ مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں