سیکرٹری بلدیات سندھ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ ٹو انرجی کنورژن کے حوالے سے اجلاس

بدھ 20 اکتوبر 2021 18:48

کراچی۔20اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) :سیکرٹری لوکل گورنمنٹ انجینئر سید نجم احمد شاہ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ ٹو انرجی کنورژن کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے ان کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکرٹری توانائی اور ایم ڈی سالڈ ویسٹ بھی شریک ہوئے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شرکا اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے نجم احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے جس منصوبے کا آغاز کیا ہے وہ ملکی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا اور مستقبل قریب میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے نہایت معاون اور مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے  کے دیرپا نتائج سے فیض یاب ہونے کے لئے ضروری ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی اور جامع پالیسی سازی کے عمل کے ذریعے تمام مراحل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور شفافیت کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ نے میڈیا سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ سالڈ ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر کراچی میں واقع جام چاکرو نامی لینڈ فل سائٹ پر پلانٹ لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔

نجم احمد شاہ کے مطابق کراچی سے روزانہ کی بنیاد پر جمع ہونے والے کچرے کو سائنسی عمل سے گزار کر کم و بیش 150 سے 200 میگا واٹ توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے بتایا کہ عالمی سطح کے ماہرین کی مشاورت سے جدید ٹیکنالوجی سے مزین ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کی تنصیب سے قبل تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا اور مکمل ٹرانسپرنسی کے ساتھ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں