{پی ایس او نے پی او ایل کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے

منگل 25 جنوری 2022 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2022ء) ملک کی سب سے بڑی انرجی کمپنی ، پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) نے POL پروڈکٹس ، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ایک باہمی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے ذریعے پاکستان ریلویز کے ساتھ اپنی اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم کرلیا ہے۔ اس یاداشت پرپی ایس او کے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں منیجنگ ڈائیریکٹر اینڈ سی ای او ، پی ایس او ، سیدطٰہٰ اور پاکستان ریلویزکے سی ای او/سینئر جنرل منیجر، نثار احمد میمن نے دستخط کئے ۔

اس تقریب میں پاکستان ریلویز کے معزز وفاقی وزیر ، جناب اعظم خان سواتی بطور مہمان ِ خصوصی مدعو تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلویز اعظم سواتی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی پرچم کے حامل دونوں اداروں کے مابین ہونے والی یہ اسٹریٹیجک شراکت داری نہ صرف ملک کی معیشت کو ترقی کے قابل بنائے گی بلکہ قومی خزانے میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی۔

(جاری ہے)

پی ایس او اور پاکستان ریلویز جیسے ادارے ، ملک کی معیشت کواس کی بھرپور صلاحیتوں تک رسا ئی دینے میں کلید ی کردار ادا کررہے ہیں اور میں، اس سنگ میل کے حصول پر ، دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر پی ایس او کے ایم ڈی اور سی ای او ، سیدطٰہٰ ٰ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس او اور پاکستان ریلویز تین دہائیوں پر محیط طویل اور خوشگوار کاروباری تعلقات کے حامل ہیں ۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ہم پاکستان ریلویز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیوں کہ اس کا مستحکم، جدید اور تیکنیکی طرز پر مبنی تبدیلی کا منصوبہ بہترین نتائج کاضامن ہے ۔یہ شراکت داری نہ صرف ہمارے مشترکہ قومی ایجنڈے میں یکسانیت اور ہم آہنگی پیدا کرے گی بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار کو بھی تیز تر کرے گی۔ہم ان امور کو باہم مل کر انجام دینے اور آنے والے دنوں میں مزید کاروباری مواقع کے حصول کے خواہشمند ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ریلویز کے سی ای او/سینئر جنرل منیجر، نثار احمدمیمن نے کہاکہ ہم پی ایس او کے ساتھ طویل مدت پر مبنی ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس باہمی مفاہمتی یاداشت پر دونوں اداروں کی جانب سے دستخط نے ہماری اس شراکت داری کو مزیدتقویت بخشی ہے ۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے سب سے بڑے قومی ادارے ، پی ایس او کے ساتھ ہمارے اس تعلق کا مقصد، اپنے عملی امور میں کارکردگی کو بہتر بنانا اور خود کو ایک متحرک اور مستحکم ادارے میں تبدیل کرنا ہے -۔

دونوں قومی اداروں کے مابین ہونے والے اس طویل المدت شراکتی معاہدہ کے حوالے سے امید کی جاتی ہے کہ یہ پاکستان میں ریلوے کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اورملک بھرمیں کسٹمرز کی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں