وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی کے ایڈوائزر سید ذاکر حسین کا یوٹیلیٹی اسٹور کا دورہ

بدھ 27 مارچ 2024 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کراچی کے ایڈوائزر سید ذاکر حسین نے یوٹیلیٹی اسٹور کا دورہ کیا تاکہ عوام کو رعایتی نرخوں پر ضروری اشیا کی دستیابی اور خدمات کی فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔سید ذاکر حسین نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی ٹیم کے ہمراہ یوٹیلیٹی اسٹور کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، روزمرہ استعمال کی دستیاب اشیا کی کوالٹی اور قیمتیں چیک کیں اور صارفین کو سبسڈی والی اشیا کی فروخت کے طریقہ کار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے وفاقی محتسب کی ہدایت پر کئے گئے تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹور میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی دستیابی اور قیمتوں کے ساتھ ساتھ صارفین کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سید ذاکر حسین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستفید ہونے والوں اور 60,000 روپے سے کم ماہانہ آمدنی والے افراد(پی ایم ٹی 60- ) کو سہولت فراہم کرنے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن رمضان کے مقدس مہینے میں مستحق خاندانوں کو 19مختلف اشیائے ضروریہ پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈخاندان یوٹیلیٹی اسٹورز سے مقرر کردہ ماہانہ کوٹہ کے مطابق روزمرہ استعمال کی سبسڈی والی ضروری اشیا مخصوص مقدار میں خرید سکتا ہے جبکہ ماہ رمضان کے بعد سبسڈی صرف پانچ اشیا تک محدود رہے گی۔

مشیر نے زور دیا کہ مستحق خاندانوں کے لیے 19ضروری اشیا پر سبسڈی رمضان المبارک کے بعد بھی جاری رہنی چاہیے تاکہ انھیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ریجنل منیجر یوٹیلیٹی اسٹورز سائوتھ ریجن عامر نوید اور ایریا منیجر غلام اکبر بھٹو نے بریفنگ دی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز اپنے ملک بھر کے نیٹ ورک کے ذریعے لوگوں کو کم قیمتوں پر روزانہ استعمال کی سینکڑوں اشیا فراہم کر رہا ہے۔

حکومتی پالیسی کے مطابق بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے اور کم آمدنی والے خاندان روزانہ استعمال کی 19اشیا بشمول آٹا، چاول، چینی، چائے، کھجور، کوکنگ آئل اور گھی، چنے، بیسن اور دالوں پر خصوصی سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔ صارف صرف اپنا سی این آئی سی نمبر بتائے گا اور مرکزی ڈیٹا سسٹم خصوصی سبسڈی کے لیے ان کی اہلیت کی تصدیق کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے جبکہ ایک مرکزی سافٹ ویئر ہر انفرادی اسٹور کی فروخت اور طلب کا جائزہ لیتا ہے اور اسٹور کو ضروریات کے مطابق سامان فراہم کیا جاتا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق بی آئی ایس پی کے مستحقین اور پی ایم ٹی 60 کے صارفین کو ایک ماہ میں 20 کلوآٹا، 5 کلو چینی اور 5 کلو گھی یا 5 لیٹر کوکنگ آئل خصوصی رعایتی نرخوں پر خریدنے کی اجازت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں