جی ٹی ایس پر آنے والے کچرے کوکارآمدبنانے کے لئے قلیل مدت لائحہ عمل بنانے کی ہدایت

اتوارکے دن بھی صفائی اورسڑکوں کے کنارے مٹی کی صفائی یقینی بنائی جائے، میئر کراچی مرتضی وہاب

جمعرات 28 مارچ 2024 17:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) مئیر کراچی وچیئرمین سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیرصدارت اجلاس میں انہوں نے کہا کہ جی ٹی ایس پر آنے والے کچرے کوکارآمدبنانے کے لئے لائحہ عمل مرتب دیں جب تک سائنٹفک جی ٹی ایس بنانے کا عمل جاری ہے فی الحال کوئی قلیل مدت حل نکلنا چائیے اس سلسلے میں رابطے کریں جو کچرا کارآمد بنانے کے عمل میں دلچسپی رکھتے ہیں انکے ساتھ کوآرڈینیشن بنائیں، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رمضان کے بعد بھی اتوارکے دن صفائی کا کام انجام دیا جائے اورسڑکوں وپلوں کے کناروں سے مٹی کی صفائی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ لیاری اور ضلع وسطی میں صفائی کا کام بہت بہتر ہوا ہے جہاں شکایات ہیں انہیں بھی فورا حل کیا جائے۔

اجلاس میں ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ شیخ،ڈائریکٹر صابر شاہ و دیگر افسران کے علاوہ نجی کمپنیز کے عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئرکراچی نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرناانکی ترجیح ہے شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے،اس موقع پر انہوں نے شکایت کے ازالے کے لئے ہیلپ لائن نمبر 1128پر خود کال کی اور ہیلپ لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اور انہوں نے کہاکہ بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو شکایات کا موقع نہیں ملنا چائیے تمام شکایتی سیل فعال رکھے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اہم شاہراہوں کی مکینیکل سوئپنگ اور دھلائی کا کام بھی یقینی بنایا جائے اور دھلائی کے لئے شیڈول مرتب دیں اور فوری عملدرآمد شروع کریں۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ نے بتایا کہ مزیدسینیٹری ورکر ز کی بھرتی اور انکی تنخواہیں سرکاری مختص کردہ اجرت کے مطابق رکھنے، اور مشینری پوری کرنے کے لئے کمپنیز کو پابند کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ رمضان میں تین شفٹوں میں صفائی کا کام انجام دیا جا رہا ہے۔ اور بازار، فوڈاسٹریٹ پر اضافی عملہ لگایا گیاہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں