عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی کورنگی چڑیا گھر پہنچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے فراہم کی گئیں جدید تفریحی سہولیات سے محظوظ ہوئی

پیر 15 اپریل 2024 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد کراچی چڑیا گھر، سفاری پارک اور لانڈھی کورنگی چڑیا گھر پہنچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے فراہم کی گئیں جدید تفریحی سہولیات سے محظوظ ہوئی اور انہوں نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے عوامی تفریحی مقامات کو فعال اور بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا، شہریوں کا کہنا تھا کہ عید جیسے پرمسرت تہوار پر شہر کے بڑے تفریحی مراکز پر بہتر سہولیات کو یقینی بنانا اور اس کے لئے پیشگی انتظامات کرنا قابل تحسین عمل ہے جسے آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے کیونکہ یہ کراچی کی روایت رہی ہے کہ عید اور دیگر تہواروں کے موقع پر شہری تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں اور یہاں گزارے ہوئے خوشگوار لمحات ان کے لئے قیمتی یادیں بن جاتے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر کراچی چڑ یاگھر عید کی چھٹیوں میں عوام کے لئے کھلا رہا اور یہاں تمام انتظامات مکمل رہے جبکہ عید کے روز شہریوں کے لئے پلے لینڈ اور دیگر تفریحی سہولیات کے افتتاح کے باعث لاکھوں شہری عید کے تینوں دن چڑیا گھر اپنی فیملی کے ہمراہ آئے جس سے چڑیا گھر کی رونقیں دوبالا ہوگئیں، چڑیا گھر میں لائے جانے والے نئے جانور اور پرندے بھی شہریوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے جن میں پوما شیر کی دو جوڑیاں بھی شامل تھیں، چڑیا گھر کی حدود میں سٹی وارڈنز اور پولیس اہلکا روں کی تعیناتی کی وجہ سے شہریوں نے اطمینان کے ساتھ تفریح کا لطف اٹھایا، چڑیا گھر کی طرح سفاری پارک بھی عید کے دنوں میں شہریوں سے بھر رہا جہاں رمضان المبارک سے قبل میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سفاری پارک کی اندرونی سڑکوں، ریستوران، گھڑ سواری، کاؤبوائے کیفے، ڈائنو پارک، زپ لائن اور شوٹنگ رینج کی سہولیات فراہم کردی گئی تھیں چنانچہ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شوٹنگ رینج، گھڑ سواری، زپ لا ئن کی سہولیات کا لطف اٹھایا اور ڈائنو پارک میں طویل القامت ڈائنو سار کے مجسمے اور ہوا میں معلق جنگلی پرندوں کو دیکھا جہاں نصب ساؤنڈ سسٹم کے ذریعے ڈائنو سار کے انڈوں سے نکلنے والے بچوں کی آوازیں سنائی دیں، سفاری پارک میں شوٹنگ رینج کے لئے تربیت یافتہ عملے کے ساتھ مختص الگ جگہ پر شہریوں اپنی پسندیدہ بندوق کے ساتھ نشانے بازی کی مشق کرتے دکھائی دیئے، مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی شوٹنگ رینج اور گھڑ سواری کی سہولیات کا لطف اٹھایا،پہلے یہ شوق صرف اشرافیہ پورا کرسکتی تھی اب کے ایم سی نے یہاں یہ دونوں سہولیات مہیا کردی ہیں، سفاری پارک میں ڈائنو پارک اور زپ لائن کا افتتاح ہونے کے بعد یہاں کی رونق بڑھی ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد سفاری پارک میں دستیاب سہولیات سے استفادہ کر رہی ہے جن میں دو ریسٹورینٹس کا قیام بھی شامل ہے، عید کی تعطیلات کے دوران لانڈھی کورنگی کے عوام کی بڑی تعداد نے بھی لانڈھی کورنگی چڑیا گھر جا کر تفریح کا مزہ لیا، لانڈھی کورنگی چڑیا گھر میں چھوٹے بچوں نے پرندوں اور جانوروں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور مختلف اسٹالز سے کھانے پینے کی اشیاء خریدیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے چڑیا گھر اور سفاری پارک کی طرح لانڈھی کورنگی چڑیا گھر میں بھی نئے جانوروں اور پرندوں کو لانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں جس پر شہریوں کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں