دنیاوی مال کی محبت انسان کو غافل کردیتی ہے، حاجی فضیل عطاری

آج ہمیں دنیاوی آسائشوں کی فکر تو ہے لیکن آخرت کی کوئی فکر نہیں، اجتماع سے بیان

منگل 30 اپریل 2024 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا ہے کہ دنیاوی مال کی محبت انسان کو غافل کردیتی ہے، محبت مال کے سبب آدمی آخرت کو بھول جاتا ہے، دنیا اور اس کی محبت دل میں گھر کر جاتی ہے اور دنیا کی محبت ہی وہ چیز ہے جو انسان کو گناہوں اور برائیوں کے گہرے گڑھے میں دھکیل دیتی ہے، لہٰذا ایمان کی مضبوطی اور اخلاق و کردار کی درستی اس میں ہے کہ بندہ ہر پل موت، قبر اور آخرت کو یاد رکھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلثوم مسجد شاہ فیصل کالونی میں ہفتہ وار اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی حرص دل میں نہیں رکھنی چاہئے، دنیا کا سامان کم ہو کیونکہ دنیا وی سامان اگر حرام ذریعے سے ہوتو اس پر عذاب ہے، اگر حلال ذریعے سے ہوا تو اس کا حساب ہے، ہماری اوسطا عمر 60 سے 70 سال ہے اور ہمارا انداز ایسا ہے جیسے ہم نے ہمیشہ دنیا ہی میں رہنا ہے، حرص ہے، لالچ ہے، دنیا، دنیا اور بس دنیا ہے، عالیشان گھر بنانے اور بینک بیلنس بڑھانے کی فکر ہے، لیکن آخرت کی کوئی فکر نہیں، قبر میں اترنا ہے، حشر میں اٹھنا ہے، میزان عمل پر پہنچنا ہے، پل صراط سے گزرنا ہے اور ہر ہر عمل کا حساب دینا ہے اس کی ہمیں کوئی فکر نہیں۔

(جاری ہے)

حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ ایمان دل کا معاملہ ہے اور دل کے معاملے میں عقل کا کوئی دخل نہیں ہوتا، ہم مومن تو ہیں، اللہ پاک ہمیں ایمان پر استقامت بخشے، اللہ پر ایمان، اللہ کے آخری نبی ﷺ پر ایمان، نبیوں پر ایمان، کتابوں پر ایمان، یہ سب جو ایمان کی بنیادیں ہیں ان سب پرہمارا یقین عشق کی حد تک ہونا چاہئے، اپنے ایمان کی بنیاد عقل پر نہ رکھیں، ورنہ بھٹک جانے کا خطرہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں، اللہ کا بڑا کرم ہے کہ اس نے ہمیں ایمان کی دولت نصیب فرمائی ہے، رب کریم ہمیں اس پر استقامت بھی نصیب فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں