بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر تمام قیدیوں کے ساتھ انتقامی کاروائیاں ختم کی جائیں، ہارون رشید

جمعرات 9 مئی 2024 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و جوائنٹ سیکرٹری کراچی ڈویژن ریٹائرڈ میجر ہارون رشید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان قوم کی واحد امید اور آئین و قانون کی عملداری و بالادستی کے ضامن ہیں بانی پی ٹی آئی اور باقی تمام قیدیوں کے ساتھ انتقامی کارروائیاں ختم کی جا ئیں کوئی ملک یا ریاست قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان کے ہر شہری کو وہ حقوق ملنے چاہیے جو ہمارا آئین و قانون واضح کرتا ہے،ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں کیا، ہارون رشید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک مضبوط آدمی ہیں اور وہ کسی ڈیل یا چور دروازے سے باہر آنے کو تیار نہیں ہیں، پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے کیونکہ وہ بے گناہ ہیں ان کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز جھوٹے اور سیاسی انتقامی کاروائیاں ہیں ، عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ ملک میں عجیب نے یقینی کی صورتحال ہے، حکومت کا کچھ پتہ نہیںچل رہا کہ کیا کررہی ہے ملک بھر میں کسان سراپا احتجاج ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری تاریخ کی بلندترین سطح تک پہنچ چکی ہے عوام کا برا حال ہے عام آدمی قوت خرید دن بدن کم ہوتی جارہی ہے، آئے روز پٹرول ، ڈیزل، گیس سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ، ملک کا غریب اور متوسط طبقہ اپنے بچوں کے لیئے دال ، سبزی، دودھ اور روزمرہ کی دیگر چیزیں خریدنے سے قاصر ہے جبکہ اشرافیہ کی دولت اور ملکی قرضوں میں ہر بڑہتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران تو تصدیق یافتہ کرپٹ ہیں ان کا ایجنڈا اور سوچ صرف سیاسی مخالفین کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بنانا اور لوٹ مار کرنا ہے ، پورے ملک میں دیہاڑی دار طبقے سمیت کم تنخواہ والا طبقہ تو فاقوں اور بھیک مانگنے پر مجبور ہوچکا ہے لوگ غربت اور پریشانیوں سے تنک آکر خودکشیاں کررہے ہیں اپنے بچوں کو فروخت کررہے ہیں یا پھر ان کومار کر خودکشی کررہے ہیں، موجودہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کو غریبوں کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے بلکہ یہ لوگ صرف اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں