پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کاپولیو وائرس کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر انتہائی تشویش کااظہار

ہفتہ 11 مئی 2024 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے پولیو وائرس کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر انتہائی تشویش کااظہار کیا ہے۔ خبروں کے مطابق ملک کے 38 اضلاع میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد اور عوام میں یکساں طور پر شدید مایوسی پیدا کردی ہے۔پولیو، ایک انتہائی متعدی وائرل بیماری ہے جو بنیادی طور پر چھوٹے بچوں کو متاثر کرتی ہے اورمعذوری یا موت کا باعث بن سکتی ہے۔

پاکستان ویکسینیشن کے مسائل اور سرحد پار سے وائرس کی منتقلی سمیت مختلف چیلنجوں کی وجہ سے وباء کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔پی ایم اے پڑوسی ممالک سے پولیو وائرس کے داخلے کو روکنے کے لیے سرحدوں کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر زور دیتی ہے جہاں یہ وائرس اب بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

سرحدی کنٹرول کو مضبوط بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ ملک میں آنے والے تمام مسافروں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہو، آبادی کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لیے یہ اہم اقدامات ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن حکام پر زور دیتی ہے کہ وہ ملک میں وائرس کی درآمد کو روکنے کے لیے سخت کنٹرول کے طریقہ کار کو نافذ کریں۔پی ایم اے پولیو کے خاتمے اور اس خاتمے کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے اندر ویکسینیشن کے عمل کومزید بہتر اور موئثر بنانے کی اہمیت پرزور دیتی ہے۔ ملک میں پولیو کے جاری خطرے سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی ، پولیو مہم کی نگرانی میں اضافہ نیز صحت کارکنوں اور حکام کے درمیان بہتر تعاون ضروری ہے۔

صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ایک اہم فریق کی حیثیت سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن صحت عامہ کے تحفظ اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔پی ایم اے پولیو کے خلاف جنگ میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ ہم سب مل کر پولیو سے پاک پاکستان بنا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں