جماعت اسلامی کی ڈاکوئوں کے ہاتھوں صحافی کے بھانجے کے بہیمانہ قتل کی مذمت

قاتلوں کو فی الفورگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے،ترجمان جماعت اسلامی سندھ

اتوار 12 مئی 2024 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) جماعت اسلامی سندھ نے گڑھی خیرو کے تھانہ دوداپور کے حدود حسین آباد میں بھتہ نہ دینے پر جیکب آباد کے سینئر صحافی اورڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر حاکم علی ایری کے بھانجے حبدارعلی ایری کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت اور قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پورا سندھ ڈاکو راج کے حوالے ہے کسی شہری کی جان ،مال اور عزت محفوظ نہیں ہے، حکومت کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں کرپارہی ہے ۔

جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا نے کہا کہ ہر ضلع میں مقامی ظالم وڈیرے اور پولیس کی سرپرستی میں ڈاکو گینگ قائم ہیں جنہوں نے اغوا برائے تاوان سمیت جرائم کا بازار گرم کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

(جاری ہے)

جس دن ڈاکو راج کی سرپرستی ختم اور پشتیبان ظالم وڈیروں اور پولیس میں موجود کالی بھیڑوں پر ہاتھ ڈالا گیا تو امن بحال اور جرائم کا خاتمہ ہوجائے گا۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے ایس ایس پی جیکب آباد سے مطالبہ کیاکہ وہ ضلع میں قیام امن ،جرائم کے خاتمے اورصحافی کے بھانجے کے قاتلوں کو قانون کی پکڑ میں لاکر قرارواقعی سزادلانے کے لیے کردار اداکرکے اپنی ذمہ دارای پوری کرے۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے جیکب آباد کے سینئر صحافی حاکم علی ایری سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے بھانجے کے قتل پر اظہار افسوس بھی کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں