میئر کراچی کی زیر صدارت بلدیہ عظمی کراچی کونسل کا عام اجلاس ، 13 قراردایں اتفاق رائے سے منظور

پیر 13 مئی 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیر صدارت بلدیہ عظمی کراچی کی کونسل کا عام اجلاس پیر کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمی کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 13 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اتفاق رائے سے منظور کی گئی قراردادوں میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر پاکستان منتخب ہونے، کے ایم سی کونسل کے ممبر حافظ نعیم الرحمن کو جماعت اسلامی پاکستان کا امیر منتخب ہونے، پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کو این اے 207سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے اور خاتون اول کا درجہ ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

ایوان کے اراکین نے نجمی عالم کو مشیر وزیراعلی سندھ بننے پر اور میئر کراچی کو ترجمان حکومت سندھ بننے پر بھی مبارک باد پیش کی۔ ایک قرار داد کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت بلدیہ عظمی کراچی کے ہسپتالوں کی سروسز میں بہتری لانے سے متعلق مزید غور و خوض کے لئے 12 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، اسی طرح بلدیہ عظمی کراچی کی کونسل نے قرارداد کے ذریعے عیدالاضحی کے موقع پر گائے، بیل، بچھڑا اور اونٹ وغیرہ کے لئے ایک ہزار روپے فی جانور سے کم کرکے چھ سو روپے فی جانور اور بکرا، بکری، دنبہ، بھیڑ وغیرہ کے لئے پانچ سو روپے فی جانور سے کم کرکے تین سو روپے کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ محکمہ چارجڈ پارکنگ کے تحت بینکوئٹس اور شادی ہال کی انتظامیہ سے ویلے پارکنگ فیس وصول کرنے سے متعلق قرارداد بھی اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی جس کے مطابق 400 تا 500 سکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ مبلغ 5 ہزار روپے بلدیہ عظمی کراچی کو ادا کرنے ہونگے، 600 سکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ 10 ہزار روپے بلدیہ عظمی کراچی کو ادا کرنے ہوں گے، ایک ہزار سکوائر مربع گز پر بینکوئٹس اور شادی ہالز کی انتظامیہ کو ہر ماہ 15 ہزار روپے بلدیہ عظمی کراچی کو ادا کرنے ہوں گے۔

عباسی شہید ہسپتال کے شعبہ اطفال کا نام وسیلہ جہاں شعبہ اطفال رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔ آج کونسل اجلاس میں کے الیکٹر ک کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور ایک قرار داد کے ذریعے کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی اور حبس کا موسم شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے ، لوڈشیڈنگ سے پانی کی فراہمی رک جاتی ہے جس سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے، میٹرک و دیگر جماعت کے لاکھوں طلبہ و طالبات کو امتحانات کی تیاری اور امتحانی مراکز پر بجلی نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، نیپرا کراچی کے شہریوں کو کے الیکٹرک کے بجائے این ٹی ڈی سی سے سستی بجلی فراہم کرے۔اجلاس میں بلدیہ عظمی کراچی کے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ میں قائم پروگرام آفیسر کی آسامی کو جو کہ ڈیڈ کیڈر پوسٹ ہے سینئر پروگرام آفیسر کے نام سے اپ گریڈ اور ریڈیذ نیٹ کرنے، ٹریڈ لائسنس ٹیکس جمع کرنے، سٹی کونسل کے سابق رکن ڈاکٹر سید مبین اختر کے لئے دعا ئے مغفرت کرنے سمیت دیگر قراردادیں بھی پاس کی گئیں اور اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں