بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنمائوں کی ملاقاتیں، سیاسی و تنظیمی امور اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

منظور وسان، محمد علی ملکانی، مولا بخش چانڈیو، خرم سومرو اور راحیل کامران چیمہ نے بلاول ہائوس میں الگ الگ ملاقاتوں میں بریفنگ دی

منگل 6 اکتوبر 2026 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاس کراچی میں پارٹی کے مختلف رہنماں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں سیاسی و تنظیمی صورتحال، عوامی مسائل، حلقہ جاتی امور اور پارٹی کی مختلف تنظیموں کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیپلزپارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور وسان نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر بریفنگ دی اور پارٹی امور سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔

دریں اثنا پیپلزپارٹی ضلع سجاول کے صدر اور سندھ کے وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی اقدامات اور ان کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا، جبکہ لائیو اسٹاک اور فشریز کے محکموں کی کارکردگی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز لائر فورم پنجاب کے صدر راحیل کامران چیمہ نے بھی ملاقات کی اور انہیں پیپلز لائر فورم پنجاب کی تنظیمی سرگرمیوں، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کیا۔سندھ اسمبلی کے رکن خرم سومرو نے ملاقات میں ٹنڈو محمد خان کے اپنے حلقہ انتخاب میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، جس میں سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی معاملات اور موجودہ سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقاتوں کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماں سے مختلف امور پر رائے لی اور عوامی مسائل کے حل، تنظیمی فعالیت میں بہتری اور عوامی رابطوں کو مزید مثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں