پہلا آل کراچی دھنی بخش،نعمان رشید یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ، پاکستان اسٹیل ملز نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو 2-0سے ہراکر وننگ ٹرافی اپنے نام کرلی

بدھ 16 اکتوبر 2019 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) ینگ پھول پتی فٹبال کلب ،انجمن انوارمحمدی کے زیراہتمام پہلا آل کراچی دھنی بخش،نعمان رشید یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاحی میچ پاکستان اسٹیل ملز نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو 2-0سے ہراکر وننگ ٹرافی اپنے نام کرلی۔ میچ میں عزیر کارا اور وہاب بلوچ نے ایک ایک گول کرکے پاکستان اسٹیل کی ٹیم کو میچ میں 2-0سے فتح دلوائی ۔

لیاری جنرل فٹبال اسٹیڈیم میں میچ کا افتتاح مہمان خصوصی سینئر رہنما سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سائوتھ کراچی محمد قاسم بلوچ نے فٹبال کو کک لگاکر کیا۔ اس موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر مولابخش احمد، شاہ نواز بلوچ، واحد پنجگوری، حسین بخش بلوچ، محمد انور ایچ بی ایل، محمد اقبال، رضا خان،انٹرنیشنل فٹبالراعجاز کارا، محمد سلیم سماء،عبدالوحید،آصف ممتاز،امجدسربازی،سجاد، محمد اعجاز،آفاق بلوچ سمیت دیگر بھی ساتھ تھے۔

(جاری ہے)

لیاری جنرل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں دونوں ٹیموں پاکستان اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم اتھارٹی نے کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے کیااور پہلے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپرز نے فاروڈز کی اچھی مووز کو ناکام بناکر مقابلہ کو بغیر کسی گول کے برابر رکھا۔ ہاف ٹائم میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستان اسٹیل نے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے دو گول بناکر میچ میں2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ کھیل کی52 ویں منٹ میں اعجاز کارا کو ایک شاندار پاس وہاب بلوچ نے دیا جس پر اعجاز کارا نے کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے والی پورٹ قاسم نے گول اتارنے کے لئے پاکستان اسٹیل پر بھرپور دبائو ڈالا ،لیکن گو ل کیپر اور دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے گول کرنے کے تمام حربوں کو ناکام بنادیا۔

کھیل کے اختتامی لمحات میں وہاب بلوچ نی72 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو 2-0سے دگنا کردیا۔ ریفری نے میچ کی اختتامی وسل بجائی تو پاکستان اسٹیل کی ٹیم 2-0سے سرخرو ہوکر میدان سے باہر آئی۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سینئر رہنما سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سائوتھ کراچی محمد قاسم بلوچ نے ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے دونوں ٹیموں کو ونر اور رنراپ ٹرافیاں بھی دیں، اور محمد انور ایچ بی ایل نے مہمانوں میں اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

پاکستان اسٹیل ملز نے جس نامساحد حالات اور مالی مشکلات کے باوجود اپنی فٹبال ٹیم کو بحال رکھا ہے، اور کھلاڑیوں کو فٹبال کی سرگرمیوں کو زندہ رکھنے اور ٹیم کو چلانے پر شائقین فٹبال نے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔اس میچ کے ریفری عدنا خان، اسسٹنٹ ریفری قیوم کوچ، حیدر علی، میچ کمشنر سراج بلوچ تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں