ویسٹ انڈیز ویمنزٹیم نے پاکستان ویمنزٹیم کو پہلا ون ڈے کرکٹ میچ جیتنے کے لئے 270 رنز کا ہدف دے دیا

جمعرات 18 اپریل 2024 14:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) کپتان ہیلی میتھیوز کے ناقابل شکست 140 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز ویمنزٹیم نے پاکستان ویمنزٹیم کوپہلے ون ڈے میچ میں کامیابی کے لئے 270 رنز کا ہدف دے دیا۔ ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ تین ایک روزہ بین الاقومی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بناکر پاکستان ویمنز ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 270 رنز کا ہدف دیا۔ 2.2 اوورز میں مجموعی سکور ایک رن پر اوپنر وکٹ کیپر رشدہ ولیمز کے سعدیہ اقبال کی گیند پر کوڈ اینڈ بولڈ آئوٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں اوپنر ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل کے درمیان 102 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اس موقع پر کیمبل 41 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر طوبہ حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں، جس کے بعد وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کی بیٹسمینوں کے آئوٹ ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔

(جاری ہے)

میتھیوز اپنی سنچری 125 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے مکمل کرنے کے بعد مستقل مزاجی سے وکٹ پر موجود رہیں۔ انہوں نے اپنی شاندار ناقابل شکست اننگز میں 150 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 140 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ کرشمہ رامہراک 5 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔ چنیل ہنری 23، چیڈین نیشن اور عالیہ علینہ 17-17 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں۔ پاکستان کی سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن نے دو، دوکھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ندا ڈار اور نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔\932

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں